ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / ہرات حملے میں افغان روبوٹکس ٹیم کی رُکن کے والد بھی ہلاک

ہرات حملے میں افغان روبوٹکس ٹیم کی رُکن کے والد بھی ہلاک

Fri, 04 Aug 2017 21:52:54    S.O. News Service

اسلام آباد،4اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)صوبہء ہرات کے گورنر کے ترجمان نے بتایا ہے کہ ہرات شہر کی شیعہ مسجد پر ہونے والے مہلک خودکش حملے میں اسکول کی بچیوں کی افغان ٹیم کی کپتان کے والد بھی ہلاک ہوئے۔ ٹیم نے حالیہ دِنوں امریکی روبوٹکس مقابلے میں شرکت کی تھی۔حملے میں محمد آصف قادریان زخمی ہوئے جو بعد میں چل بسے۔ نمازیوں سے بھری مسجد میں دو خودکش بم حملہ آوروں نے اپنے آپ کو بھک سے اڑا دیا، جس کی ذمہ داری داعش نے قبول کی، جس میں 32نمازی ہلاک ہوئے، جن میں بچے بھی شامل تھے جب کہ 60سے زائد افراد زخمی ہوئے۔قادریان کی 14برس کی بیٹی، فاطمہ قادریان اُس ٹیم میں شامل تھیں جو طالبات پر مشتمل تھی، جسے بین الاقوامی روبوٹکس اولمپکس میں شرکت کے لیے ابتدائی طور پر امریکہ کا ویزا نہیں ملا تھا، جو واشنگٹن کے ایک ہائی اسکول میں منعقد ہوئی۔بالآخر، ٹیم کو امریکہ آنے کی اجازت ملی، جس نے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے مداخلت کے بعد گذشتہ ماہ منعقدہ مقابلے میں شرکت کی۔ صدر ٹرمپ تارکین وطن پر پابندیاں لگانے کا شہرہ رکھتے ہیں۔
لڑکیوں نے نقرئی تمغا جیتا اور جب تک وہ واشنگٹن میں تھیں، اُن کی خوب پزیرائی ہوئی، اور وہ افغانستان میں کامیابی کی علامت بنی رہیں؛ جو تقریباً 40برس سے لڑائی کا شکار ہے۔فاطمہ کے بھائی محمد رضا نے بتایا کہ والد کی فوتگی پر اُن کی بہن کو مشکل وقت کا سامنا ہے۔بقول اُن کے، ہم سب کو مشکل لمحہ درپیش ہے۔ واقعے سے اب تک فاطمہ نے نہ کچھ کھایا ہے، نہی وہ کچھ بولی ہیں اور وہ صدمے کی کیفیت سے دوچار ہیں۔ آج، کئی بار بے ہوش ہونے پر معالجوں نے مائع خوراک کے استعمال پر زور دیا ہے۔افغانستان میں اقوام متحدہ کے اعانتی مشن کا کہنا ہے کہ اس سال یہ پانچواں مہلک حملہ ہے جو ملک کی شیعہ برادری کے خلاف کیا گیا ہے۔


Share: