ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کیرلا میں سی اے اے ناممکن وزیر اعلیٰ پی وجین

کیرلا میں سی اے اے ناممکن وزیر اعلیٰ پی وجین

Sat, 04 Jun 2022 11:33:09    S.O. News Service

ترواننت پورم، 4؍جون(ایس او نیوز؍ ایجنسی)کیرلا کے وزیر اعلیٰ پی وجین نے کہا ہے کہ وہ اپنی ریاست میں شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے)کو لاگو نہیں کریں گے- وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سی اے اے پر ان کی حکومت کا موقف مکمل طور پر واضح ہے-

واضح رہے کہ سال2019کے آخر میں سی اے اے کے خلاف ملک بھر میں زبردست مظاہرے ہوئے تھے- دہلی کے شاہین باغ کی طرز پر ملک کے کئی شہروں میں مسلم کمیونٹی کے لوگوں نے اس قانون کے خلاف احتجاج و دھرنا دیا-اس دوران اپوزیشن کی کئی حکومت والی ریاستوں کی حکومتوں نے اپنی اسمبلی میں ایک قرارداد منظور کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ وہCAAکو لاگو نہیں ہونے دیں گے-

وزیر اعلیٰ وجین نے کہا کہ ان کا ملک سکیولرزم کے اصول پر کام کرتا ہے اور یہ ہمارے آئین میں لکھا ہوا ہے- انہوں نے کہا کہ ان دنوں ملک میں سکیولرزم کو تباہ کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں اور کچھ لوگ مذہب کی بنیاد پر شہریت دینا چاہتے تھے لیکن کیرلا حکومت نے اس سلسلے میں بہت سخت موقف اپنایا ہے-

بی جے پی کی قیادت والی مودی حکومت ابھی تک اس قانون کو نافذ نہیں کر پائی ہے- گزشتہ ماہ ہی مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے مغربی بنگال کے سلی گوڑی میں کہا تھا کہ سی اے اے کو کورونا کے مکمل خاتمے کے بعد لاگو کیا جائے گا-

سی اے اے کیا ہے؟پارلیمنٹ کے ذریعہ منظور شدہ شہریت ترمیمی قانون پاکستان، بنگلہ دیش اور افغانستان سے ہندوستان آنے والے مذہبی اقلیتوں ہندووں، سکھوں، جینوں، بدھسٹوں، پارسیوں اور عیسائیوں کو ہندوستانی شہریت دیتا ہے- اس قانون کے تحت ان کمیونٹیز کے وہ لوگ جو 31 دسمبر 2014 سے پہلے ہندوستان آئے تھے، انہیں غیر قانونی تارکین وطن نہیں مانا جائے گا بلکہ انہیں ہندوستانی شہریت دی جائے گی-


Share: