بیندور، 7 / جولائی (ایس او نیوز) موکامبیکا مندر میں ایک خاتون کی وینیٹی بیگ سے 80 ہزار روپے اڑانے والی تین خواتین کو کولّور پولیس نے چوبیس گھنٹے کے اندر گرفتار کر لیا ۔
پولیس کے بیان کے مطابق 5 جولائی کو نیمیشا اور اس کا شوہر کولور کے مندر میں زیارت کے لئے آئے تھے ۔ صبح تقریباً 8:20 کو مندر میں درشن کے بعد جب وہ دونوں باہر نکلے تو نیمیشا نے دیکھا کہ اس کی وینیٹی بیگ کا زِپ کھلا ہوا ہے ۔ معائنہ کرنے پر معلوم ہوا کہ اس کے اندر رکھا وہ پرس غائب ہے جس میں 80 ہزار روپے موجود تھے ۔
مندر کے احاطے میں تلاش کرنے پر رقم والی پرس کا کوئی سراغ نہیں ملا تو کولور پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی گئی ۔ پولیس نے کیس درج کرنے کے بعد تحقیقات شروع کی اور سی سی ٹی وی فوٹیج کے علاوہ زائرین کی طرف سے لیے گئے فوٹو گرافس اور ٹیکنیکل ثبوتوں کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے چوبیس گھنٹے کے اندر تین ملزم خواتین کو گرفتار کر لیا ۔
گرفتار شدہ خواتین کی شناخت نیتراوتی (33 سال)، شاردا (50 سال) اور درگمّا (44 سال) کے طور پر کی گئی ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ تینوں چور خواتین شیموگہ ضلع کے بھدراوتی کی رہنے والی ہیں ۔ درگمّا پر لشکر پولیس اسٹیشن میسورو میں ایک اور اولڈ ٹاون پولیس اسٹیشن بھدراوتی میں چوری سے متعلقہ ایک ایک کیس پہلے سے درج ہے ۔ جبکہ شاردا پر بینگلورو سٹی ریلوے پولیس اسٹیشن میں دو اور اشوکا پورم پولیس اسٹیشن میں ایک ، منجملہ تین چوری کے کیس درج ہیں ۔
گرفتاری کے بعد تینوں ملزمین کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے انہیں عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ۔