ترواننت پورم،24 ؍ دسمبر (ایس او نیوز) کیرالہ میں سبریملا مندر جاکر واپس لوٹنے والے یاتریوں سے بھری موٹر گاڑی تملناڈو سرحد کے پاس ایک 40 فٹ گہری کھائی میں گر گئی جس کے نتیجہ میں 8 افراد کی موت واقع ہوگئی۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق سبریملا سے واپس لوٹتے وقت یاتریوں کے ساتھ یہ حادثہ تملناڈو سرحد کے پاس کومیلی میں پیش آیا ۔ ضلع ڈپٹی کمشنر کے وی مرلی دھرن کے مطابق حادثہ کے وقت گاڑی میں دس افراد موجود تھے ۔ سات مسافروں نے موقع پر ہی دم توڑ دیا اور ایک زخمی نے اسپتال لے جاتے وقت راستے میں آخری سانس لی ۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے ۔ زخمی ہونے والے دو یاتریوں میں بھی ایک بچہ شامل ہے اور دونوں کو علاج کے لئے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت نازک بنی ہوئی ہے ۔ بہت ہی زیادہ تنگ اور پیچدار راستے پر گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوگئی اور پھسل کر گہری کھائی میں گر گئی۔
کومیلی پولیس تھانے کے افسران نے جائے حادثہ پر پہنچ کر معائنہ کیا اور کیس درج کر لیا۔