کنداپور، 5 / اگست (ایس او نیوز) کنداپور تعلقہ کے اوپوندا میں کوڈیری ساحل کے پاس ماہی گیر کشتی ڈوبنے کا ایک اور حادثہ پیش آیا مگر اس مرتبہ خوش قسمتی سے کشتی پر سوار 9 مچھیروں کو بحفاظت بچا لیا گیا ۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ماہی گیر کشتی سمندر میں اٹھنے والی اونچی لہروں میں پھنس گئی تھی جس کی وجہ سے وہ الٹ گئی اور سمندر میں ڈوبنے لگی ۔ قریب میں دوسری کشتیوں پر موجود مچھیروں نے ڈوبتی کشتی سے مچھیروں کو نکال لیا ۔ کُوپیّا نامی ایک مچھیرا سمندر میں بچھے جال میں پھنس کر رہ گیا تھا جسے باہر نکالنے میں بڑی مشکلوں کا سامنا کرنا پڑا ۔ اس کے علاوہ دیگر کشتیوں کی مدد سے ڈوبتی ہوئی کشتی کو کھینچ کر مرونتے ماہی گیر بندر تک لانے میں بھی کامیابی ملی ۔
یاد رہے کہ 31 جولائی کو اسی مقام پر ایک اور ماہی کشتی غرقاب ہوئی تھی جس میں کشتی کے مالک سمیت دو افراد ہلاک ہوئے تھے ۔