کنداپور 17 / اگست (ایس او نیوز) میستا کمیونٹی کے تعلق سے عدالت میں داخل ایک کیس کی پیروی کرنے پر کچھ لوگوں کی ایک ٹولی نے ایڈوکیٹ گنیش میستا پر حملہ کیا جس کے بعد علاج کے لئے اسے اسپتال میں داخل کرنا پڑا ۔
بتایا جاتا ہے کہ یہ حملہ اس وقت کیا گیا جب بیندور کورٹ میں لیگل پریکٹس کرنے والا ایڈوکیٹ گنیش اماوس کے موقع پر شیرور کے کوٹے منے درگمبیکا مندر میں پوجا کے لئے گیا تھا ۔ میستا کمیونٹی کے تعلق سے عرصہ پہلے داخل کیا گیا ایک کیس بیندور، کنداپور اور پھر ہائی کورٹ میں چل رہا ہے ۔ اس معاملہ میں گنیش میستا بطور وکیل ایک فریق کی پیروی کر رہا ہے ۔
حملہ زخمی ہوئے گنیش کی طرف سے پولیس کے پاس درج کی گئی شکایت کے مطابق جب ایڈوکیٹ گنیش مندر پہنچا تو وہاں پر گیارہ لوگوں کی ایک ٹولی نے اس پر بیس بال کے بلّے اور چاقو کی مدد سے حملہ کیا اور جان سے مارنے کی دھمکی دینے کے علاوہ اس کے پاس موجود پانچ ہزار روپے لوٹ لیے ۔ حملہ آور ٹولی میں سے کچھ لوگوں کی شناخت نوین میستا، کے این اچار، سریدھر میستا، گریش میستا، سدھاکر میستا وغیرہ کےطور پر کی گئی ہے ۔
بیندور بار ایسو سی ایشن کے صدر موبی نے بتایا :" پولیس نے ابھی تک حملہ آوروں کے خلاف ایف آئی آر درج نہیں کی ہے ۔ زخمی ایڈوکیٹ کا بیان بھی نہیں لیا گیا ہے ۔ پولیس کو چاہیے کہ کسی بھی قسم کے دباو میں آئے بغیر حملہ آوروں کو گرفتار کرے ۔"
بیندور بار ایسو سی ایشن کے سیکریٹری پرشانت پجاری نے کہا :" بار بار وکیلوں پر حملہ کی وارداتیں پیش آنا قابل مذمت ہے ۔ اگر اس معاملے میں ملزموں کو گرفتار نہیں کیا گیا تو زبردست احتجاجی مظاہرا کیا جائے گا ۔"