کمٹہ ،16/ جولائی (ایس او نیوز) ضلع شمالی کینرا میں نیشنل ہائی وے 66 کے فور لین توسیعی منصوبے سے متعلق مسائل کا جائزہ لینے کے لئے ڈپٹی کمشنر پربھو لنگا نے سنیچر کو مختلف مقامات کا دورہ کیا تھا جس میں کمٹہ بھی شامل ہے۔
اس موقع پر گِبس سرکل پر جنتا دل لیڈر سورج نائک سونی سمیت مختلف تنظیموں کے نمائندوں نے ڈی سی کے سامنے مسائل کا ابنار لگاتے ہوئے موقع پر موجود آئی آر بی افسر کو آڑے ہاتھوں لیا ۔ ڈی سی کو بتایا گیا کہ توسیعی کام کے لئے سڑک کنارے سے جو بس اسٹاپس ہٹائے گئے ہیں انہیں دوبارہ تعمیر نہیں کیا گیا ہے جس سے عوام اور طالب علموں کو برسات میں بھیگتے ہوئے بسوں کا انتظار کرنا پڑتا ہے ۔ جو بھی تعمیری کام ہوا ہے وہ بڑے ہی غیر سائنٹفک طریقے پر انجام دیا گیا ہے ۔ 90فیصد تعمیری کام مکمل ہونے کی جھوٹی رپورٹ کمپنی نے حکومت کو پیش کی ہے ۔ کمٹہ کے قلب شہر میں کام انجام دینے کے لئے کوئی رکاوٹ نہیں ہے اس کے باوجود اس کو ادھورا چھوڑا گیا ہے ۔
انہوں نے کہا ضلع انچارج وزیر کی ہدایت پر ہائی وے تعمیری کام کا جائزہ لیا جا رہا ہے اس لئے ہم لوگ عوامی مفاد کے لئے ڈی سی کے سامنے حاضر ہوئے ہیں اور مسائل کے بارے میں زبانی تفصیلات رکھی ہیں ۔ کوئی میمورنڈم اس لئے نہیں دیا جا رہا ہے ، کیونکہ اس سے قبل بہت سے میمورنڈم دئے جا چکے ہیں مگر اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوا ہے ۔ منتخب عوامی نمائندے یا رکن پارلیمان نے اس سلسلے میں کوئی کارروائی نہیں کی ۔ اب ضلع انچارج وزیر نے اس سلسلے میں تعاون کیا ہے اس لئے ہم لوگ پارٹی سیاست سے اوپر اٹھ کر عوامی مفاد کے لئے مسائل کو افسران کے سامنے پیش کر رہے ہیں ۔
عوامی نمائندوں نے ڈی سی سے مطالبہ کیا کہ ضلع میں ہائی وے کا تعمیری کام شروع ہو کر تین سال گزر گئے مگر آئی آر بی نے اسے پورا نہیں کیا ہے اس لئے کام مکمل ہونے تک ٹول وصولی روک دینی چاہیے ۔ اس کے علاوہ آئی آر بی نے یہاں جس انداز میں کام کیا ہے اور مسائل کھڑے کیے ہیں اس کا جائزہ لیتے ہوئے کمپنی کے خلاف ضروری کارروائی کرنی چاہیے ۔
اس موقع پر مختلف اداروں کے ذمہ داروں اور اراکین کی کثیر تعداد موجود تھی ۔