ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کشمیر کے 8 صحافیوں کو دہشت گردوں سے ملی دھمکی، 4 میڈیا اہلکاروں نے ملازمت کو کہا خیر باد: مرکزی حکومت

کشمیر کے 8 صحافیوں کو دہشت گردوں سے ملی دھمکی، 4 میڈیا اہلکاروں نے ملازمت کو کہا خیر باد: مرکزی حکومت

Thu, 08 Dec 2022 11:24:53    S.O. News Service

نئی دہلی، 8؍دسمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) جموں و کشمیر میں حال میں کئی مقامی صحافیوں کو ان کے کام کو لے کر دہشت گرد تنظیموں سے دھمکیاں ملی تھیں۔ اسی کے سبب کچھ نے اپنے اداروں سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ اس بارے میں مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ نتیانند رائے نے بدھ کے روز راجیہ سبھا میں بتایا کہ سری نگر واقع مقامی اخبارات کے لیے کام کرنے والے 8 صحافیوں کو دہشت گردوں سے دھمکی ملی ہے۔ چار میڈیا اہلکاروں نے مبینہ طور پر استعفیٰ دے دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ صحافیوں کی سیکورٹی کو لے کر حکومت کے ذریعہ کئی اقدام کیے جا رہے ہیں۔

نتیانند رائے نے راجیہ سبھا میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ سری نگر واقع مقامی اخبار کے لیے کام کرنے والے 8 صحافیوں کو ٹیرر بلاگ کشمیر فائٹ کے ذریعہ سے دھمکی ملی۔ اس سلسلے میں 4 میڈیا اہلکاروں نے مبینہ طور پر استعفیٰ دے دیا۔ انھوں نے بتایا کہ استعفیٰ دینے والے میڈیا اہلکار رائزنگ کشمیر میڈیا ہاؤس سے منسلک ہیں۔ اس سلسلے میں سری نگر کے شیرگاڑی تھانہ میں معاملہ بھی درج کیا گیا ہے۔

وزیر مملکت نے بتایا کہ حکومت کی دہشت گردی کے تئیں زیرو ٹولرنس کی پالیسی ہے اور جموں و کشمیر میں سیکورٹی کی حالت میں کافی بہتری آئی ہے۔ علاوہ ازیں حکومت نے دہشت گردانہ خطرے اور حملے سے میڈیا اہلکاروں سمیت عام لوگوں کی زندگی کی حفاظت کے لیے کئی اقدام کیے ہیں۔ انھوں نے جانکاری دی کہ پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیاں میڈیا اہلکاروں کی زندگی کی حفاظت کے لیے مناسب سطح کی سیکورٹی فراہم کر رہی ہیں۔ نتیانند رائے نے کہا کہ اس میں سرگرم سیکورٹی انتظام، جس کے تحت پولیس، فوج، سی اے پی ایف اور خفیہ ایجنسیوں سمیت سیکورٹی گرڈ پورے جموں و کشمیر میں تعینات رہتی ہے، تاکہ دہشت گردوں یا ان کے ہینڈلروں کی طرف سے کسی بھی کوشش کو ناکام کیا جا سکے۔ ساتھ ہی دہشت گردوں کی تلاش کرنے اور انھیں گرفتار اور ان کا خاتمہ کرنے کے لیے سرگرمی کے ساتھ مہم چلانا اور انھیں کھدیڑنا بھی اس میں شامل ہے۔


Share: