بھٹکل 4/اپریل (ایس او نیوز) دہلی میں کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال کی رہائش گاہ پر منگل کی رات بلائی گئی ایک ہنگامی پریس کانفرنس میں، آل انڈیا کانگریس کمیٹی کرناٹک کے انچارج رندیپ سنگھ سرجے والا نے حیرت انگیز دعویٰ کیا ہے کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) اور انکم ٹیکس (آئی ٹی) کے عہدیداروں کوکرناٹک میں کانگریس کے لیڈروں کے ٹھکانوں پر چھاپہ مارنے بھیجاجارہا ہے۔ کیونکہ ریاست کرناٹک میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی اپنا اقتدار کھورہی ہے۔
پریس کانفرنس میں سورجے والا نے بی جے پی کی پہلی فہرست جاری کرنے میں مبینہ تاخیر پر بھی بی جے پی پر طنز کیا اور کہا کہ "ہمارے پاس مستند معلومات ہیں کہ بی جے پی اپنے امیدواروں کا انتخاب کرنے سے قاصر ہے کیونکہ بی جے پی کے وزراء اور ایم ایل اے سیٹوں پر مقابلہ کرنے سے انکار کر رہے ہیں۔ کرناٹک میں بی جے پی کا بڑے پیمانے پر اخراج ہو رہا ہے۔ تقریباً 10 ایم ایل اے، ایم ایل سی، سابق ایم ایل اے اور سابق ایم ایل سی، ان کے بورڈ اور کارپوریشن کے چیرمین درجنوں کی تعداد میں استعفیٰ دے کر کانگریس میں شامل ہو چکے ہیں۔ اسے روکنے کے لیے، بی جے پی ہمارے لیڈروں اور حامیوں پر چھاپے مارنے کے لیے آئی ٹی اور ای ڈی کا استعمال کر رہی ہے،''

سرجے والا نے یہ دعویٰ دہلی میں کانگریس کی اسکریننگ میٹنگ کے بعد کیا۔
کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی (کے پی سی سی) کے صدر ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ کانگریس کارکنوں کے حامیوں کو نشانہ بنایا جائے گا مزید بتایا کہ "کانگریس قائدین کے حامیوں پر چھاپہ مارنے کے لئے سینکڑوں عہدیداروں کو کرناٹک بھیجا گیا ہے۔ وہ ہمارے کارکنوں کو دھمکی دے رہے ہیں کہ وہ انتخابات میں ہمارا ساتھ نہ دیں،‘‘
نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے سدارامیا نے کہا کہ "بی جے پی ریاست میں اقتدار کھونے کے خوف سے جکڑی ہوئی ہے۔ کرناٹک میں کانگریس کے حق میں مثبت لہر ہے۔ بی جے پی کو اقتدار کھونے کا خوف ہے، اس لیے وہ کانگریس لیڈروں کو نشانہ بنانے کے لیے آئی ٹی اور ای ڈی کا استعمال کر رہی ہے۔ کانگریس کا کوئی لیڈر ایسی دھمکیوں سے نہیں ڈرتا۔ مرکز آئی ٹی اور ای ڈی جیسے اداروں کا غلط استعمال کر رہا ہے اور ہم اس کی مذمت کرتے ہیں،‘‘
اس سے پہلے آج کانگریس کی مرکزی الیکشن کمیٹی کی میٹنگ ہوئی اور دوسری فہرست کو حتمی شکل دی۔ سدارامیا نے کہا کہ کانگریس کی دوسری فہرست بدھ یا جمعرات کو جاری کی جا سکتی ہے۔
