ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کانپور : شاطروں نے 12 فٹ دیوار پھاند کر بنائی سُرنگ؛ بینک سے ایک کروڑ مالیت کا سونا لے کر ہوگئے فرار

کانپور : شاطروں نے 12 فٹ دیوار پھاند کر بنائی سُرنگ؛ بینک سے ایک کروڑ مالیت کا سونا لے کر ہوگئے فرار

Sat, 24 Dec 2022 20:35:53    S.O. News Service

کانپور 24 ڈسمبر (ایس او نیوز) شاطر لُٹیروں کے  ایک  گروہ نے کانپور کے  سچنڈی نامی مقام پر واقع اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے ایک برانچ کے اندر داخل  ہوکرقریب ایک کروڑ روپے مالیت کا سونا لوٹ  کر فرار ہوگئے۔ واردات جمعرات کی دیر رات کو  کانپور کے سچنڈی میں  پیش آئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لوٹ مار کی واردات کرنے کے لیےشاطر چوروں نے   آٹھ فٹ لمبی سرنگ کھودی تھی۔ جس کے ذریعے وہ بینک کے اندر داخل ہوئے تھے۔

پولس ذرائع کے مطابق چوروں نے  بینک کے اندر داخل ہوکر لاکر کھولنے کے لیے گیس کٹر کا استعمال کیا۔ انہوں نے الارم سسٹم کو بھی غیر فعال کر دیا اور اسٹرانگ روم میں موجود واحد سی سی ٹی وی کیمرہ کو دوسری طرف موڑ دیا۔

سرنگ کھودنے کے لیے چوروں نے سالوں سے بند آنند پوری کے رہائشی نریندر سنگھ کے خالی پلاٹ کا سہارا لیا تھا، یہ پلاٹ  چاروں طرف سے 12 فٹ اونچی باؤنڈری وال سے گھرا ہوا ہے۔

پولیس کو شبہ ہے کہ چوروں نے  نیم کے درخت کی مدد سے پلاٹ میں داخل ہوئے ہیں  اور دیواروں میں کھدائی  کی ہے۔ پولیس کا خیال ہے کہ یہ سرنگ ایک دن میں نہیں کھودی جا سکتی۔ اگر دس لوگ بھی اس واقعے میں ملوث ہیں تو اس میں کم از کم تین راتیں ضرور لگی ہوں گی۔

دراصل، دن کے وقت یہاں کھدائی نہیں کی گئی ہے، کیونکہ یہاں زیادہ نقل و حرکت رہتی  ہے۔ مٹی کی تقریباً دو ٹرالیاں نکالی گئی  ہیں جنہیں لُٹیروں نے پلاٹ میں ہی بکھیر دیا تھا۔ پولیس کی تفتیش سے پتہ چلا ہے کہ چوروں  نے سب سے پہلے کرپان اور بیلچے کی مدد سے دیوار کو توڑنے کی کوشش کی۔ لیکن وہ کامیاب نہ ہو سکے کیونکہ اندر موجود اسٹرانگ روم کی دیوار کنکریٹ کی تھی۔ اس کے بعد چوروں  نے بیم (فاؤنڈیشن) کے نیچے سے سرنگیں کھودنا شروع کر دیں۔ اسٹرانگ روم میں پہنچ کر فرش توڑ دیا۔ چوروں نے واردات میں گیس کٹر کا استعمال کیا ہوگا۔ اس کی مدد سے سونے کی تجوری کو توڑا  گیا۔

خالی پلاٹ کی رکھوالی  کرنے والے چوکیدار سے بھی پوچھ  تاچھ: پولیس نے بتایا کہ پلاٹ کے مالک نے رکھوالی کرنے والے  چوکیدار ماتا پرساد دویدی  سے  بھی پوچھ  تاچھ کی ہے جس کے دوران پرساد  نے  بتایا کہ جمعرات کو ان کے  مالک  نے انہیں اپنے گھر بلایا تھا۔ کیونکہ  پورا خاندان کہیں باہر جا رہا تھا۔ چوکیدار نے  پلاٹ میں کسی بھی   باہری  انجان لوگوں کے  آنے  کی جانکاری سے انکار کیا۔

بینک کا ہورہا تھا آڈٹ :  پچھلے پندرہ دنوں سے بینک میں آڈٹ ٹیم آئی تھی۔ جو رات قریب  گیارہ بجے تک بینک میں رُکی  رہی تھی۔  جمعرات کو ہی آڈٹ ٹیم  لوٹ گئی تھی۔ اُن کے جاتے ہی اس واردات کو انجام دیا گیا۔

صارفین کو نہیں ہوگاکوئی نقصان :  شاستری نگر کے ساکن بینک منیجر نیرج رائے نے کہا کہ چوری شدہ سونا برآمد ہونے یا نہ ہونے کے باوجود سونا رکھ کر  قرض لینے والوں کو کسی طرح کا کوئی  نقصان نہیں ہوگا۔ انہیں سونے کی موجودہ قیمت کے مطابق ادائیگی کی جائے گی۔

درجن سے زائد افراد کے ملوث ہونے کا خدشہ: پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ایک درجن سے زائد افراد ملوث ہیں۔بدمعاشوں نے آٹھ فٹ لمبا اور  تین فٹ گہرا گڑھا کھودا ہے۔ قریب  دو ٹرالی  مٹی سرنگ کھودنے کے دوران نکالی گئی ہے۔ جھاڑیاں ہونے کی وجہ سے اُنہیں مٹی پھینکنے میں  آسانی ہوئی ہے۔


Share: