ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار: ڈپٹی کمشنر نے بینگا سرنگ سیفٹی سرٹفکیٹ کو کردیا مسترد

کاروار: ڈپٹی کمشنر نے بینگا سرنگ سیفٹی سرٹفکیٹ کو کردیا مسترد

Mon, 17 Jul 2023 21:36:06    S.O. News Service

کاروار،17 / جولائی (ایس او نیوز) شہر کے لنڈن برڈج کے پاس تعمیر کی گئی سرنگیں استعمال کے محفوظ ہونے کے تعلق سے آئی آر بی نے پونے کی کمپنی سے حاصل کیا گیا جو فٹنیس سرٹفکیٹ حاضر کیا تھا اسے ڈپٹی کمشنر پربھو لنگا کولیکٹی نے مسترد کر دیا ہے اور نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا سے ہی درخواست کی گئی کہ اسی کی طرف سے سرنگوں کے تعلق سے سیفٹی رپورٹ پیش کی جائے۔ 
    
خیال رہے کہ 8 جولائی کو ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا کے ساتھ ڈی سی دفتر کے ہال میں منعقدہ میٹنگ میں ٹھیکیدار کمپنی آئی آر بی ذمہ داران سے سرنگوں کی فٹنیس سرٹفکیٹ کے بارے میں پوچھا گیا تھا اور دوسرے دن صبح 11 بجے تک ڈپٹی کمشنر کے پاس جمع کرنے کو کہا گیا تھا ۔  جب آئی آر بی والوں نے اس متعینہ وقت میں سرٹفکیٹ پیش کرنے میں ناکام رہے تو ڈی سی حفاظتی نقطہ نظر سے ٹریفک کے سرنگیں استعمال کرنے پر روک لگا دی تھی۔ 
    
اس کے بعد نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا کے افسران نے ٹھیکیدار کمپنی تحریری ہدایت دی تھی کہ مناسب ڈھنگ سے سرنگ کا معائنہ کرکے اس میں پانی رسنے اور مٹی جھڑنے کا سبب معلوم کیا جائے اور جہاں کہیں خرابی پیدا ہوئی ہے اسے درست کرکے تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے ۔ لیکن آئی آر بی کمپنی والوں نے ان باتوں کو سنجیدگی سے نہیں لیا اور پونے کے ایک ادارے کی طرف سے حاصل کی گئی فٹنیس سرٹفکیٹ ضلع ڈی سی کے سامنے پیش کر دی۔ 
    
ڈپٹی کمشنر نے پیش کیے گئے اس سرٹفکیٹ کو آنکھ بند کرکے قبول کرنے کے بجائے پونے کی اس کمپنی سے  براہ راست تحریری طور پر پوچھا کہ سرنگ محفوظ ہونے کے تعلق سے کس نے جانچ کی ؟ کونسے ماہرین یہاں پہنچ کر معائنہ کیا ؟ آپ لوگ یہاں کب اور کس دن آئے تھے ؟ کس بنیاد پر آپ نے یہ فٹنیس سرٹفکیٹ جاری کیا ہے ؟ ڈی سی کے مراسلے کا فوری جواب دیتے ہوئے پونے کی کمپنی نے کہا ہے کہ ہمیں جو نقشہ اور دستاویزات فراہم کیے گئے تھے اس کی بنیاد پر سرٹفکیٹ جاری کیا گیا ہے۔
    
اس کا مطلب فطری طور پر یہی نکلتا ہے کہ آئی آر بی کمپنی سرنگ سے گزرنے والے مسافروں کی جان سے کھیلنے کا انتظام کیا ہے ۔ کیونکہ ضلع انچارج وزیراور رکن اسمبلی نے ڈی سی کی موجودگی میں میٹنگ منعقد کرکے جس مسَلہ پر تین گھنٹے بحث کی تھی اس کو سنجیدگی سے لینے کے بجائے ایک دور دراز  کی کمپنی سے صرف دستاویزات اور نقشے کی بنیاد پر فٹنیس سرٹفکیٹ حاصل کرنا اور اسے ڈی سی کے پاس پیش کرنا حفاظتی نقطہ نظر سے عوام کی زندگی سے کھلواڑ کرنے سے کم نہیں ہے۔ 
    
اس دوران یہ بھی معلوم ہوا ہے  آئی آر بی کی طرف سے کاروار ماجالی سے بھٹکل تک  کس مقام پر ہائی وے کا کتنا تعمیری کام پورا کیا گیا ہے اور کتنا کام پورا ہونا باقی ہے اس کا جائزہ ضلع انتظامیہ کے افسران کی جانب سے لیا جا رہا ہے۔ اس کی رپورٹ جلد ہی ڈی سی کو پیش کی جائے گی ۔ سنیچر کے دن خود ڈی سی مختلف محکمہ جاتی افسران کو ساتھ لے کر آئی آر بی کی طرف سے کیے گئے کام کا مکمل سروے کیا ہے ۔ دیکھنا یہ ہے کہ اس رپورٹ کی بنیاد پر اب ضلع انتظامیہ کیا اقدام کرتی ہے۔ 


Share: