کاروار، 8 / اپریل (ایس او نیوز) ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس آلوک کمار نے اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ ضلع شمالی کینرا کا دورہ کیا اور اسمبلی انتخابات کے پس منظر میں محکمہ پولیس کی طرف سے کیے گئے اقدامات اور تیاریوں اور ضلع میں قانون اور امن و امان کی صرتحال کا جائزہ لیا۔
سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے دفتر میں منعقدہ اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پُرامن طریقے پر انتخابات منعقد کرنے کے لئے فی الحال سی اے پی ایف کی چار ٹکڑیاں ضلع میں پہنچ گئی ہیں ۔ دو ایک دنوں میں سی آر پی ایف کی ٹکڑیاں بھی پہنچ جائیں گی ۔ انہیں ضلع کے حساس اور بہت ہی حساس علاقوں میں تعینات کیا جائے گا ۔ مختلف چیک پوسٹس پر پولیس کے ساتھ سی آر پی ایف کےجوانوں کو بھی تعینات کیا جائے گا ۔
انہوں نے بتایا کہ ضلع میں 280 پولنگ اسٹیشنس ایسے ہیں جنہیں حساس زمرے میں رکھا گیا ہے ۔ انتخابات کے موقع پر جو لوگ رکاوٹیں پیدا کریں گے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی ۔ سوشیل میڈیا کے ذریعہ فرقہ وارانہ بھائی چارگی کا ماحول خراب کرنے والوں کے خلاف بھی کڑی کارروائی ہوگی ۔ امن و قانون کی صورتحال بنائے رکھنا ہماری ذمہ داری ہے ۔ اس لئے بد امنی پھیلانے اور فرقہ وارانہ بھائی چارگی خراب کرنے کی کوشش کو بالکل برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ ایسے لوگوں کے خلاف محکمہ پولیس کی طرف سے مناسب قانونی اقدام کیا جائے گا ۔
اے ڈی جی پی نے بتایا کہ اب تک 33 راوڈی شیٹرس کو ضلع بدر کرنے کے لئے اجازت طلب کی گئی ہے ۔ اس میں سے 31 لوگوں کو ڈپٹی کمشنر کا حکم ملنے کے ساتھ ضلع بدر کیے جانے کے پورے امکانات ہیں ۔ شراب ، نشہ آور اشیاء ، دھماکو اشیاء ، گائے کا گوشت وغیرہ کی رفت اور منتقلی جیسی کارروائیوں پر بھی کڑی نگاہ رکھی گئی ہے ۔ ایسے معاملات پیش آنے پر قانون کے مطابق اقدامات کیے جائیں گے ۔
اس موقع پر ان کے ساتھ مغربی ژون کے آئی جی شرت چندرا اور ضلع ایس پی وشنو وردھن بھی موجود تھے ۔