دبئی، 15/مارچ (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی)نے ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان موجودہ ٹیسٹ سیریز کے اگلے دو میچوں کے لیے میچ ریفری اور امپائروں میں تبدیلی کی ہے۔آئی سی سی نے یہ تبدیلی بنگلور ٹیسٹ میں ڈی آرایس تنازعہ کو دیکھتے ہوئے کیاہے۔موجودہ سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے دوران ڈی آرایس معاملے نے اس وقت طول پکڑا تھا، جب آسٹریلیائی کپتان اسمتھ نے ایل بی ڈبلیو ہونے کے بعد اپنے ڈریسنگ روم کی طرف دیکھ کر ڈی آرایس لینے کے بارے میں اشارہ کیا تھا،جس پر امپائر نائجل لونگ نے مداخلت کر تے ہوئے انہیں واپس بھیج دیا تھا۔ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی نے میچ کے بعد اسمتھ پر پہلے بھی اس طرح کی حرکت کرنے کا الزام لگایاتھا۔دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈ کے اس معاملے میں دئیے گئے بیانات کے بعد صورت حال انتہائی کشیدہ ہو گئی تھی، حالانکہ بعد میں دونوں بورڈ نے باہمی بات چیت سے معاملہ کو نمٹا لیا تھا۔