ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / چوروں اور گھوٹالے بازوں کو بچانے کے لیے راہل گاندھی کو نشانہ بنا رہی مودی حکومت: کانگریس

چوروں اور گھوٹالے بازوں کو بچانے کے لیے راہل گاندھی کو نشانہ بنا رہی مودی حکومت: کانگریس

Thu, 30 Mar 2023 12:48:00    S.O. News Service

نئی دہلی، 30/مارچ (ایس او نیوز/ایجنسی) مرکز کی بی جے پی حکومت پر تلخ حملہ کرتے ہوئے کانگریس کی قومی ترجمان ڈاکٹر شمع محمد نے بدھ کے روز وزیر اعظم نریندر مودی پر اپنے ’پرم متر‘ (عزیز دوست) اڈانی کو بچانے کے لیے جمہوریت کو نقصان پہنچانے کا الزام عائد کیا۔ انھوں نے کہا کہ راہل گاندھی کی لوک سبھا رکنیت منصوبہ بند طریقے سے ختم کی گئی، حالانکہ کانگریس لوگوں کی آواز دبائے جانے کے خلاف جیت حاصل کرے گی۔

گوا میں ایک پریس کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شمع محمد نے کہا کہ چوروں اور گھوٹالے بازوں کو بچانے کے لیے مودی حکومت راہل گاندھی کو ہدف بنا رہی ہے۔ راہل گاندھی کی لوک سبھا رکنیت ختم کیے جانے کو ’غیر جمہوری‘ قرار دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’وہ راہل گاندھی کو کمزور کرنے کے لیے سب کچھ کریں گے، لیکن ہم سبھی ان کے ساتھ کھڑے ہونے اور اپنی جمہوریت کو بچانے کے لیے کافی مضبوط ہیں۔‘‘

ڈاکٹر شمع نے کہا کہ پارلیمنٹ میں اپنی تقریر میں اڈانی میگا گھوٹالے پر سوال پوچھنے کے لیے راہل گاندھی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ اپنی تقریر کے دوران راہل گاندھی نے کہا تھا کہ اڈانی سے جڑی شیل کمپنیوں میں 20 ہزار کروڑ روپے ہیں اور پوچھا تھا کہ یہ پیسہ کس کا ہے؟ انھوں نے اڈانی کے ساتھ مودی کے رشتوں پر سوال اٹھایا تھا۔ لیکن برسراقتدار طبقہ ان سوالوں پر خاموش رہا۔

ڈاکٹر شمع کا کہنا ہے کہ راہل گاندھی کو پارلیمنٹ میں بولنے کے موقع سے محروم کر دیا گیا تھا۔ یہ صرف اس لیے کیونکہ وہ مودی اور اڈانی کے رشتوں کو ظاہر کر رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ راہل گاندھی کو منصوبہ بند طریقے سے لوک سبھا کے لیے نااہل ٹھہرایا گیا اور اس کے پیچھے کی جلد بازی ملک کی عوام نے دیکھی ہے۔


Share: