ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / بنگلورو میں یکم جولائی سے "محفوظ فٹ پاتھ مہم" کا آغاز، تجاوزات کے خلاف کارروائی

بنگلورو میں یکم جولائی سے "محفوظ فٹ پاتھ مہم" کا آغاز، تجاوزات کے خلاف کارروائی

Tue, 30 Jun 2026 17:29:49    S O News

بنگلورو ، 30/ جون (ایس او نیوز /ایجنسی)  گریٹر بنگلورو ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے وزیر کرشنا بائرے گوڑا نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ گریٹر بنگلورو کے دائرہ اختیار میں شامل پانچوں شہری بلدیاتی اداروں میں یکم جولائی سے "محفوظ فٹ پاتھ مہم" کا آغاز جامع منصوبہ بندی اور مکمل تیاری کے ساتھ کیا جائے، تاکہ پیدل چلنے والوں کو محفوظ اور سہل راستے فراہم کیے جا سکیں۔

انہوں نے پیر کے روز ویڈیو کانفرنس کے ذریعے منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فٹ پاتھوں سے تجاوزات ہٹانے کی کارروائی سپریم کورٹ کی ہدایات اور اسٹریٹ وینڈرز (تحفظِ حقوق) قانون کے مطابق انجام دی جائے، تاکہ شہریوں کی سہولت کے ساتھ ساتھ سڑک کنارے کاروبار کرنے والوں کے روزگار کا بھی تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

وزیر نے ہدایت دی کہ کارروائی شروع کرنے سے پہلے ان سڑکوں کی فہرست تیار کی جائے جہاں تجاوزات ہٹائی جائیں گی۔ اس کے بعد دکانداروں اور عوام میں بیداری مہم چلائی جائے، نوٹس جاری کیے جائیں اور مقررہ مدت کے بعد ہی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ تجاوزات ہٹانے کی مہم کے دوران بلدیاتی حکام، ہیلتھ افسران، پولیس، لائسنسنگ حکام اور انسدادِ تجاوزات ٹیموں کے درمیان مکمل ہم آہنگی ہونی چاہیے تاکہ کارروائی مؤثر اور منظم انداز میں انجام دی جا سکے۔

کرشنا بائرے گوڑا نے مزید کہا کہ شہر کی اہم آرٹیریل اور سب آرٹیریل سڑکوں کو نان وینڈنگ زون قرار دینے کے لیے جلد نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ بنگلورو میں تقریباً 15 ہزار کلومیٹر سڑکوں میں سے 1,500 کلومیٹر کو نان وینڈنگ زون کے طور پر نشان زد کیا جائے گا، جبکہ باقی علاقوں میں عوام کی آمدورفت میں رکاوٹ پیدا کیے بغیر اسٹریٹ وینڈرز کو کاروبار جاری رکھنے کی اجازت ہوگی۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مہم سے قبل متعلقہ علاقوں میں عوامی بیداری مہم چلائی جائے اور لوگوں کو بتایا جائے کہ اگر تجاوزات رضاکارانہ طور پر نہ ہٹائی گئیں تو بلدیہ انہیں ہٹا کر قانون کے مطابق جرمانہ عائد کرے گی۔

وزیر نے ہدایت دی کہ جہاں جہاں تجاوزات ہٹائی جائیں، وہاں فٹ پاتھوں کی فوری مرمت بھی کی جائے۔ ٹوٹی ہوئی سلیبوں، کرب اسٹون اور دیگر سول کاموں کو جلد مکمل کرتے ہوئے پیدل چلنے والوں کے لیے محفوظ اور معیاری فٹ پاتھ یقینی بنائے جائیں۔

اجلاس میں ایڈیشنل چیف سکریٹری تشار گیری ناتھ، چیف کمشنر مہیشور راؤ، مختلف شہری بلدیاتی اداروں کے کمشنران، ٹریفک پولیس کے جوائنٹ کمشنر کارتک ریڈی سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔


Share: