ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / چندریان-3لینڈر وکرم نئے مدار میں داخل- اب چاند سے صرف 25کلومیٹر دور

چندریان-3لینڈر وکرم نئے مدار میں داخل- اب چاند سے صرف 25کلومیٹر دور

Mon, 21 Aug 2023 11:15:45    S.O. News Service

نئی دہلی،21/اگست(ایس او نیوز/ایجنسی) چندریان3 کا دوسرا اور آخری ڈی بوسٹنگ آپریشن کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گیا ہے- انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو)کے سائنسدانوں نے بدھ کے روز خلائی جہاز کو چاند کی سطح پر اتارنے سے پہلے اہم مرحلے کی قریب سے نگرانی کی- لینڈر وکرم ایک ایسے مدار میں داخل ہو گیا ہے جہاں سے چاند کا قریب ترین نقطہ 25کلومیٹر اور سب سے دور والا نقطہ 134کلومیٹر ہے- اسرو نے کہا ہے کہ اس مدار سے وہ بدھ کو چاند کے جنوبی قطبی علاقے میں سافٹ لینڈنگ کی کوشش کرے گا-

اسرو نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر)پر پوسٹ کیاکہ دوسرے اور آخری ڈی بوسٹنگ آپریشن نے لینڈر ماڈیول کے مدار کو کامیابی کے ساتھ 25کلومیٹر 134کلومیٹر تک کم کر دیا ہے- ماڈیول اندرونی جانچ سے گزرے گا اور طلوع آفتاب کے وقت نامزد لینڈنگ سائٹ پر رکھا جائے گا- اسرو نے بتایا کہ یہاں سے 23/اگست کو شام 5.45بجے لینڈنگ کی کوشش کی جائے گی-

جمعہ کو پہلے ڈی بوسٹنگ آپریشن کے دوران اسرو کے سابق سربراہ کے سیون نے این ڈی ٹی وی کو بتایا تھا کہ چندریان3 لینڈر کا ڈیزائن وہی ہے جو پچھلے چندریان2مشن میں استعمال کیا گیا تھا- انہوں نے کہاکہ ڈیزائن میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے- چندریان2کے مشاہدے کی بنیاد پر مشن میں کی گئی تمام غلطیوں کو درست کر لیا گیا ہے-

خیال رہے کہ چندریان3.14جولائی کو لانچ کے بعد5/اگست کو چاند کے مدار میں داخل ہوا تھا- پروپلشن اور لینڈر ماڈیولز کو الگ کرنے کی کل کی مشق سے پہلے اسے 6، 9، 14 /اور 16 اگست کو چاند کے مدار میں اتارنے کی کوشش کی گئی، تاکہ یہ چاند کی سطح کے قریب آ سکے-


Share: