گیانا، 7/اگست (ایس او نیوز/ایجنسی) ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ہندوستان کو 2 وکٹوں سے شکست ہوئی جس کے ساتھ ہی ویسٹ اندیز نے اس سیریز میں 2-0 سے برتری حاصل کرلی ہے۔
اس میچ میں ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا لیکن پاور پلے میں ونڈیز پر حاوی نہ ہوسکا۔ اس طرح مقررہ 20 اووروں میں ہندوستان 152 رنز ہی بناسکا جس میں تلک ورما کی نصف سنچری شامل ہے۔ جواب میں ویسٹ انڈیز نے 18.5 اوورز میں ہی جیت کے لئے درکار رن حاصل کر لئے اور میچ جیت لیا۔ ویسٹ انڈیز کے لیے نکولس پورن نے 67 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ حسین نے ناقابل شکست 16 رنز بنائے۔ جوزف 10 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ اس فتح کے ساتھ ہی ویسٹ انڈیز نے سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔
ہندوستان کے بائیں ہاتھ کے نوجوان بلے باز تلک ورما نے 41 گیندوں میں 51 رن کی شاندار نصف سنچری بنائی۔ویسٹ انڈیز کے گیند بازوں نے ایک بار پھر ہندوستان کے افتتاحی بلے بازوں کو ٹھیک سے کھیلنے کا موقع نہیں دیا او ر پاور پلے میں ہی شبھمن گل (سات) اور سوریہ کمار یادو (ایک) پویلین لوٹا دیا۔
ایشان کشن نے تلک کے ساتھ تیسرے وکٹ کے لیے 42 رن کی شراکت داری کی، حالانکہ وہ 23 گیندوں پر دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے صرف 27 رن ہی بنا سکے۔ ہندوستان کی جانب سے تلک واحد کامیاب بلے باز تھے جنہوں نے 41 گیندوں میں پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 51 رن بنائے۔
تلک کے پاس ہندوستان کو بڑے اسکور تک لے جانے کی صلاحیت تھی لیکن عقیل حسین نے درمیانی اووروں میں سخت گیند بازی کرتے ہوئے سنجو سیمسن (سات) اور تلک کو آؤٹ کیا۔ اچھے فارم میں نظر آنے والے کپتان ہاردک پانڈیا 18ویں اوور میں 18 گیندوں پر دو چھکوں کی مدد سے 24 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، جب کہ اکشر پٹیل 12 گیندوں پر 14 رنز بناکر 20 ویں اوور کی پہلی گیند پر روماریو شیفرڈ کا شکار ہو گئے۔
اننگز کے آخری لمحات میں ہندوستان کو 150 تک پہنچنا مشکل نظر آرہا تھا، لیکن ارشدیپ سنگھ نے آخری اوور کی دوسری گیند پر چوکا لگایا، جب کہ اسی اوور میں روی بشنوئی نے چھکا لگا کراسکور کو 152/7 تک پہنچانے میں کامیاب رہے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے الزاری جوزف نے چار اوورز میں 28 رنز دے کر دو وکٹ حاصل کئے جبکہ عقیل نے چار اوورز میں 29 رنز دے کر دو وکٹ حاصل کئے۔ شیفرڈ نے اکشر اور کشن کے وکٹ حاصل کئے، حالانکہ وہ تین اوورز میں 28 رنز دے کر تھوڑا مہنگا ثابت ہوئے۔