نوئیڈا ، 12/اگست (ایس او نیوز/ایجنسی) اتر پردیش کے نوئیڈا میں جمعہ کو بھارتیہ کسان یونین نے 10 فیصد پلاٹ اور 64 فیصد اضافی معاوضہ سمیت آبادی سے نجات کے مطالبہ کو لے کر عظیم الشان ٹریکٹر ترنگا مارچ نکالا۔ اس میں بڑی تعداد میں کسانوں نے شرکت کی اور ٹریکٹر و بائک پر ترنگا لہراتے ہوئے آگے بڑھتے نظر آئے۔
بڑی تعداد میں کسان ٹریکٹر اور اپنی بائک سے ترنگا پرچم لے کر نوئیڈا کے مہامایا فلائی اوور سے ہوتے ہوئے سیکٹر 19 میں سٹی مجسٹریٹ دفتر پہنچے۔ یہاں مجسٹریٹ دفتر کے باہر کسانوں نے ایک گھنٹے تک دھرنا و مظاہرہ کیا۔ اس دوران کئی کسان لیڈروں نے تقریریں کیں۔ اس کے بعد کسانوں نے اپنے مطالبات کی فہرست سٹی مجسٹریٹ کے حوالے کی۔
کسانوں کے مارچ کو دیکھتے ہوئے بڑی تعداد میں پولیس فورس اور ٹریفک پولیس اہلکار پورے راستے میں موجود رہے تاکہ راستہ پر جام کی حالت پیدا نہ ہو سکے۔ لیکن پھر بھی کسانوں کی کثیر تعداد اور ٹریکٹر کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے کافی دیر تک مارچ کے راستوں کے ساتھ ہی ان سے جڑی کئی سڑکوں پر طویل جام لگا رہا۔
بھارتیہ کسان یونین نے 10 فیصد پلاٹ اور 64 فیصد اضافی معاوضہ سمیت آبادی سے نجات کے مطالبہ کو لے کر یونین کے لیڈر پون کھٹانا کی قیادت میں اس ٹریکٹر ترنگا ریلی کا انعقاد کیا تھا۔ کسانوں نے سٹی مجسٹریٹ کو سونپے عرضداشت میں حکومت کو اپنے مطالبات سے مطلع کرا دیا ہے۔