مینگلورو،13 / جولائی (ایس او نیوز) شہر کے ہوسابیٹو جنکشن کے پاس واقع ایک استعمال شدہ کاروں کے شو روم میں بدھ کی رات ڈکیتی کی واردات پیش آئی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ عابدی احمد سورلپاڈی کی ملکیت والے اس شو روم کے سامنے والا کانچ کا دروازہ توڑ کے لٹیرے اندر داخل ہوئے ۔ آفس کو پوری طرح الٹ پلٹ کر رکھ دیا اور وہاں سے دو کاروں کی چابیاں حاصل کرنے کے بعد ایک ماروتی سوِیفٹ کار اور ایک ہیونڈائی کریٹا کار اپنے ساتھ لے گئے۔ اس کے علاوہ لیپ ٹاپ، پرنٹر، موبائل اور کاروں کی آر سی کے کاغذات بھی چرائے گئے ہیں۔ مسروقہ مال کی جملہ مالیت کا اندازہ 15 لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔
شو روم کے سامنے والا دروازہ توڑنے اور اندر چوری کی واردات کا پورا منظر سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگیا ہے، مگر چوروں نے برساتی جیکیٹ اور ہیلمیٹ پہن رکھے تھے اس لئے ان کے چہرے صاف نظر نہیں آ رہے ہیں۔
ڈکیتی کی اس واردات کے سلسلے میں سورتکل پولیس اسٹیشن میں کیس درج کیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہے۔