ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مینگلورو میں ضبط کیے گئے چاکلیٹ میں گانجہ شامل ہے ، جانچ رپورٹ سے ہوا خلاصہ 

مینگلورو میں ضبط کیے گئے چاکلیٹ میں گانجہ شامل ہے ، جانچ رپورٹ سے ہوا خلاصہ 

Tue, 08 Aug 2023 12:28:43    S.O. News Service

مینگلورو،  8 ؍ اگست (ایس او نیوز) ایک ہفتے پہلے شہر کی جن دو چھوٹی دکانوں سے نشہ آور اشیاء موجود ہونے کے شبہ میں جو چاکلیٹ ضبط کیے گئے تھے ان کی لیباریٹری جانچ کا نتیجہ سامنے آیا ہے جس سے ان چاکلیٹوں میں گانجہ موجود ہونے کی تصدیق ہوئی ہے ۔
    
جانچ رپورٹ موصول ہوتے ہی دونوں ملزم دکانداروں کے خلاف پولیس نے نارکوٹک ڈرگس اینڈ سائکوٹروپک سبسٹینزز (این ڈی پی ایس) ایکٹ کے تحت کیس درج کر لیا ۔
    
خیال رہے کہ مینگلورو نارتھ  اور ساوتھ پولیس اسٹیشن کی حدود میں بھنگ کی آمیزش کا شبہ کرتے ہوئے دو چھوٹی دکان پر چھاپہ مار کر پولیس نے بڑی مقدار میں چاکلیٹ ضبط کیے تھے اور ان کے سیمپل فارنسک جانچ کے لئے لیباریٹری میں بھیجے گئے تھے ۔ 
    
معلوم ہوا ہے کہ ان دکانوں میں یہ چاکلیٹ "مہا شکتی منقیٰ، بم بم منقیٰ اور آنند چورنا" جیسے ناموں کے ساتھ فروخت ہوتے تھے ۔
    
مینگلورو  نارتھ پولیس نے کار اسٹریٹ کی پوجا بلڈنگ میں واقع دکان پر چھاپہ مار کر چاکلیٹ ضبط کرنے کے بعد دکان کے مالک منوہر شیٹھ کو گرفتار کیا تھا ۔ اسی دن مینگلورو  ساوتھ پولیس نے بھی ایک دکان پر چھاپہ مار کر اسی قسم کے چاکلیٹ ضبط کیے تھے اور بیچن سونکر نامی دکاندار کو گرفتار کیا تھا ۔ ضبط شدہ چاکلیٹوں کی مالیت کا اندازہ 17 ہزار روپے لگایا گیا تھا ۔
    
دونوں ملزمین کو گرفتاری کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا اور وہاں سے انہیں عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا تھا ۔ اب جانچ رپورٹ میں چاکلیٹوں کے اندر گانجہ کی موجودگی ثابت ہونے کے بعد ان ملزمین پر این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ چلے گا ۔ 

مینگلورو میں طالب علموں کو منشیات سے بھری چاکلیٹ فروخت کرنے کے الزام میں دوافراد گرفتار


Share: