ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مہاراشٹر میں فڑنویس کے خلاف مقدمہ درج کرانے والے وکیل ستیش اوئیکے کے خلاف مکوکا کے تحت ایف آئی آر

مہاراشٹر میں فڑنویس کے خلاف مقدمہ درج کرانے والے وکیل ستیش اوئیکے کے خلاف مکوکا کے تحت ایف آئی آر

Wed, 16 Aug 2023 13:22:46    S.O. News Service

ممبئی، 16/اگست (ایس او نیوز/ایجنسی)  مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلی دیویندر فڑنویس کے خلاف مقدمہ درج کرانے والے وکیل اور سماجی کارکن ستیش اوئیکے کے خلاف مکوکا کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اس معاملے میں سماجی کارکن اوئیکے کے علاوہ 6 دیگر کے خلاف بھی ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ ان 6 افراد میں اوئیکے کے بھائی، بیوی اور دیگر رشتہ دار شامل ہیں۔

ناگپور امپرومنٹ ٹرسٹ کے ڈویژنل انجینئر پنکج پاٹل نے اوئیکے کے خلاف شکایت درج کرائی ہے۔ اس کے بعد منگل کو مہاراشٹر کنٹرول آف آرگنائزڈ کرائم ایکٹ، 1999 (مکوکا) کے تحت اوئیکے اور چھ دیگر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ الزام ہے کہ ان ساتوں نے مل کر زمین کے جعلی دستاویزات بنائے، جو اصل میں وٹھل دھاولے کی ملکیت تھی۔ اس وقت اس زمین کی ملکیت 1990 کی دہائی کے اواخر سے شہری اتھارٹی کے پاس ہے۔

اطلاعات کے مطابق سماجی کارکن ستیش اوئیکے ممبئی کی آرتھر جیل میں بند ہیں۔ اوئیکے نے مہاراشٹر کے ڈپٹی سی ایم دیویندر فڑنویس کے خلاف الیکشن کمیشن سے شکایت کی تھی۔ انہوں نے مقامی عدالت میں عرضی داخل کرتے ہوئے کہا تھا کہ 2014 کے انتخابی حلف نامہ میں فڑنویس نے فوجداری مقدمات کی معلومات چھپائی تھیں۔

اس کے علاوہ اوئیکے نے جسٹس بی ایچ لویا کی پراسرار موت پر شکوک و شبہات پیدا کرتے ہوئے ایس آئی ٹی جانچ کا مطالبہ کیا تھا۔ سابق جسٹس لویا سہراب الدین شیخ کے فرضی انکاؤنٹر کیس کی سماعت کر رہے تھے۔ موجودہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ بھی اس کیس میں ملزم تھے۔ لویا کی موت 2014 میں شادی کی تقریب میں شرکت کے دوران ہوئی تھی۔


Share: