نئی دہلی 11/اگست (ایس او نیوز):منی پور کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے جمعہ کو اپوزیشن اتحاد 'انڈیا' کے رہنماؤں کا اجلاس طلب کیا جس میں کھڑگے نے کہا کہ شمال مشرقی ریاست میں امن بحالی کی جدوجہد سڑکوں سے پارلیمنٹ تک جاری رہے گی۔
انڈین نیشنل ڈیولپمنٹ انکلوسیو الائنس یعنی 'انڈیا' کے رکن لیڈران کا یہ اجلاس کھڑگے کے کمرے میں منعقد ہوا۔ کانگریس نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل میں لکھا کہ ’’کانگریس صدر کھڑگے نے انڈین نیشنل ڈیولپمنٹ انکلوسیو الائنس یعنی 'انڈیا' کے رہنماؤں کے ساتھ میٹنگ منعقد کی۔ جس میں اس بات کا فیصلہ ہوا کہ منی پور میں امن قائم کرنے کے لیے جو بھی ضروری ہوگا ہم کریں گے اور یہ لڑائی سڑک سے پارلیمنٹ تک جاری رہے گی۔‘‘-
یاد رہے کہ مودی نے جمعرات کو لوک سبھا میں تحریک عدم اعتماد کے دوران اپنی دو گھنٹے سے زیادہ طویل تقریر میں یقین دلایا تھا کہ منی پور میں امن بحال ہوگا اور یہ ترقی کی راہ پر آگے بڑھے گا۔ بتایا گیا ہے کہ 'انڈیا' کے رہنماوں نے راجیہ سبھا میں منی پور پر بحث اور ایوان بالا میں وزیر اعظم نریندر مودی کے تفصیلی بیان کا مطالبہ کیا ہے۔