منگلورو، 5 / اگست (ایس او نیوز) پڑوسی خاتون اپنے باتھ روم میں نہاتے وقت خفیہ طور پر موبائل فون پر ویڈیو ریکارڈ کرنے والا سنگھ پریوار کے ایک کارکن کو پولیس نے گرفتار کر لیا ۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق مُلکی پولیس اسٹیشن کے حدود میں پیش آئے معاملے میں گرفتار شدہ ملزم کا نام سومنت پجاری (22 سال) ہے جو ہندو جاگرن ویدیکے (ایچ جے وی)کا سرگرم کارکن اور پکشی کیرے ہوساکاڈو کا رہنے والا ہے ۔
بتایا جاتا ہے کہ جب سومنت کی پڑوسی خاتون رات کے وقت اپنے باتھ روم میں نہا رہی تھی تو اسے وہاں موبائل کیمرہ نظر آیا اور اس نے چیخنا شروع کیا۔ شور سن کر دیگر پڑوسی اس کی مدد کو پہنچے اور انہوں نے ملزم سومنت کو دبوچ لیا ۔ پھر اس کی خوب دھلائی کرنے کے بعد اسے پولیس کے حوالے کیا گیا ۔ پولیس نے سومنت کو گرفتار کرنے ساتھ اس کے کمیرے میں موجود خاتون کے نہانے کی ویڈیو کلپ ضبط کر لی ہے ۔