ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو : فلیٹ منیجر کی حاضر دماغی سے ٹلا آتشزدگی کا بڑا سانحہ

منگلورو : فلیٹ منیجر کی حاضر دماغی سے ٹلا آتشزدگی کا بڑا سانحہ

Wed, 21 Dec 2022 19:23:13    S.O. News Service

منگلورو 21 / دسمبر (ایس او نیوز) ڈیرلا کٹے میں واقع ایک اپارٹمنٹ میں فلیٹ منیجر کی حاضر دماغی سے آتشزدگی کا ایک بہت بڑا سانحہ اور سیکڑوں کے لئے جان کا خطرہ ٹل گیا ۔ یہ واردات  منگل کو پیش آئی۔

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق  دو اسپتالوں کے درمیانی علاقہ میں واقع  پلاما نیسٹ نامی ایک 13 منزلہ عمارت کے فلیٹ میں رہنے والے ڈینٹل کالج کی  دو طالبات  ورکشاپ میں حاضری کے لئے اپنے فلیٹ سے نکل گئے ۔ عجلت میں انہوں نے اپنے کپڑے استری کرنے کے بعد سوئچ آف کرکے استری کو اپنے بستر پر ہی چھوڑ دیا تھا ۔

     تھوڑی دیر بعد منیجر شاہد شفیق نے ان طالب علموں کے فلیٹ سے دھویں کی بُو نکلتی محسوس کی اور اس کی وجہ جاننے کی کوشش کی ۔ فلیٹ پر چونکہ تالا پڑا تھا اور پھر کمرے سے دھواں نکلنے لگا تو منیجر نے فلیٹ کے اندر آگ لگنے کے امکانات دیکھتے ہوئے متعلقہ طالبات  کو  فون کرکے فوری طور پر واپس لوٹنے کے لئے کہا ۔ 

    طالبات کے پہنچنے پر جب کمرہ کھولا گیا تو اندر دھواں بھرا ہوا تھا اور کوئی چیز نظر نہیں آ رہی تھی ۔ منیجر نے وقت ضائع کیے بغیر کمرے میں گھس کر سب سے پہلے کھڑکیاں کھول دیں اور جب اندر بھرا ہوا دھواں چھٹنے لگا تو جائزہ لینے پر معلوم ہوا کہ  بستر پر چھوڑی گئی گرم استری کی وجہ سے بیڈ جلنے لگا تھا اور اس کی وجہ سے دھواں پھیل گیا تھا ۔ فلیٹ منیجر اور سیکیوریٹی گارڈ نے مل کر بستر اور چادروں میں لگی آگ بجھادی جس کی وجہ سے ایک بہت بڑا حادثہ ٹل گیا ورنہ ممکن تھا کہ دھیرے دھیرے سلگنے والی آگ جب تیز ہوجاتی تو پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی تھی اور وہاں مقیم سیکڑوں افراد کی جان کو خطرہ لاحق ہو سکتا تھا ۔


Share: