منگلورو ،4 / اپریل (ایس او نیوز) ایک عمر رسیدہ خاتون کی غیر معمولی حاضری دماغی کی وجہ سے متسیا گندھا ایکسپریس ٹرین کا بڑا حادثہ ٹلنے کی بات سامنے آئی ہے ۔ حالانکہ یہ معاملہ 21 مارچ کو پیش آیا تھا مگر اس کی خبر عام ہوئی ہے ۔
بتایا جاتا ہے کہ کوڈوپو آیارا منے کی رہنے والی چندراوتی (70 سال) دوپہر 2:10 بجے جب اپنے گھر میں تھی تو اس نے کسی چیز کے گرنے کی زوردار آواز سنی ۔ باہر آ کر دیکھا تو ایک درخت زمین سے اکھڑ کر ریلوے ٹریک پر پڑا ہوا نظر آیا ۔ چندراوتی جانتی تھی کہ تھوڑی ہی دیر میں ممبئی جانے والی متسیا گندھا ایکسپریس ٹرین اسی ٹریک پر آنے والی ہے ۔ اور اس صورت میں ایک بہت بڑا حادثہ یقینی تھا ۔
عمر رسیدہ چندراوتی نے غضب کی حاضر دماغی سے کام لیا اور گھر میں پڑا ہوا ایک لال کپڑا ہاتھ میں لے کر دوسری ٹریک کے پاس پہنچی اورجب ٹرین آتی ہوئی دکھائی دی تو اس نے کپڑا ہلاتے ہوئے لوکوموٹو پائلیٹ کو خطرے کا پیغام دیا ۔ لوکو پائلیٹ نے بھی معاملہ کی نزاکت کو محسوس کیا اور ٹرین کی رفتار کم کرتے ہوئے گرے ہوئے درخت سے ذرا سا دوری پر ٹرین روکنے میں کامیاب ہوگیا ۔ اس طرح چندراوتی کی حاضر دماغی سے ایک بڑا ٹرین حادثہ ٹل گیا ۔
اس کے بعد ٹرین کی پٹری پر گرے ہوئے درخت کو مقامی نوجوانوں اور محکمہ ریلوے کے عملہ نے ہٹایا جس کے دوران تقریباً آدھے گھنٹے تک ٹرین رکی رہی ۔