منگلورو، یکم دسمبر (ایس او نیوز) الال میں واقع زیورات کی دکان کی دیوار میں نقب لگا کر ڈاکہ ڈالنے کا منصوبہ بنانے والی بدنام زمانہ 'صاحب گنج گنیگ' کے 9 ملزمین کو سٹی کرائم برانچ نے گرفتار کیا ۔
سی سی بی پولیس کا کہنا ہے کہ اسے مصدقہ خبر ملی تھی کہ الال کے منچیلا میں ایک کرایے کے گھر میں 9 افراد رہتے ہیں اور جیویلری شاپ کی دیوار میں ڈرِل کے ذریعے سوراخ کرکے لوٹ کی کارروائی انجام دینے کا منصوبہ بنا رہے ہیں ۔ اس پر کارروائی کرتے ہوئے ان ملزمین کو گرفتار کیا اور ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی ۔
گرفتار شدہ ملزمین کی شناخت گجرات کے رہنے والے بھاسکر بیلچاپاڈا، کنیانا چنیا مولے ، نیپال کے رہنے والے دنیش راول عرف ساگر، بیستا روپ سنگھ، کرشنا بہادر بوگاٹی، جھارکھنڈ کے رہنے والے محمد جمیل شیخ ، امام الحق، عمادالرزاق، بیول شیخ، عمران شیخ کے طور پر کی گئی ہے ۔
پولیس نے ملزمین کے قبضے سے تین اسکوٹر، گیس کٹر، آکسیجن سلینڈر، گیس سلینڈر، گیس کٹنگ نوزل اور ڈکیتی میں استعمال ہونے والی دیگر کئی اشیاء ضبط کرلی ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ تمام ملزمین شمالی ہندوستان کی بدنام زمانہ 'صاحب گنج ٹولی' سے تعلق رکھتے ہیں ۔ یہ لوگ 15 دن قبل منگلورو پہنچے تھے اور تھوکٹو میں موجود سوپر جیویلری شاپ میں ڈکیتی کا منصوبہ بنا رہے تھے ۔ ان ملزمین کے پاس سے جو تین اسکوٹر برآمد ہوئے ہیں وہ اس ٹولی نے گزشتہ شب تین الگ الگ لوگوں پر لوہے کی سلاخوں سے حملہ کرکے لوٹے تھے ۔ انہوں نے یہ وارداتیں کوناجے کے ناٹیکال، الال پولیس اسٹیشن کے امبیکا روڈ اور اوچیلا میں انجام دی تھیں ۔
معلوم ہوا ہے کہ تمام ملزمین پر مختلف ریاستوں میں بہت سے کیس درج ہیں ۔ اور مشکوک نظر آنے سے بچنے کے لئے یہ لوگ عام طور پر مقامی نمبر پلیٹ والی اسکوٹرس پر گھومتے پھرتے اور جائزہ لیتے تھے ۔