منگلورو 31 / جولائی (ایس او نیوز) کاور پولیس اسٹیشن حدود میں غیر اخلاقی پولیس گری کا تازہ معاملہ پیش آیا ہے جس میں ایک غیر مسلم صحافی کو مسلم سمجھ کر دو افراد نے ہراساں کیا اور اس پر حملہ کرنے کی کوشش کی گئی ۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق ایک پرائیویٹ ویب سائٹ کا صحافی ابھیجیت کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے چیتن اور نوین نامی دو ملزمین کو گرفتار کر لیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ابھیجیت اپنی دوست کے ساتھ ہوٹل میں کھانا کھانے کے لئے گیا تھا ۔ اس دوران مذکورہ بالا دو ملزمین وہاں پہنچے اور ابھیجیت کو مسلم مان کر اس سے سوالات اور بدتمیزی کرنے لگے کہ وہ ہندو لڑکی کے ساتھ ہوٹل میں کیا کر رہا ہے ۔ اس دوران انہوں نے اس پر حملہ بھی کیا ۔ جس کے بعد ابھیجیت نے پولیس اسٹیشن پہنچ کر ملزمین کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی۔
خیال رہے کہ ابھی دو تین دن قبل اسی طرح کا ایک معاملہ این آئی اے سے وابستہ ایک پولیس اہلکار کے ساتھ بھی پیش آیا تھا جب وہ اپنی بیوی اور بڑی بہن کے ساتھ ہوٹل میں کھانا کھا کر واپس لوٹ رہا تھا۔ اس معاملہ میں بھی ملزمین کو گرفتار کیا جا چکا ہے ۔