ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / ممبئی میئر کا انتخاب نہیں لڑے گی بی جے پی، لوگوں کے مفاد میں دیا شیوسینا کا ساتھ:فڑنویس

ممبئی میئر کا انتخاب نہیں لڑے گی بی جے پی، لوگوں کے مفاد میں دیا شیوسینا کا ساتھ:فڑنویس

Sat, 04 Mar 2017 22:55:44    S.O. News Service

ممبئی، 4/مارچ (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ممبئی میں بی ایم سی انتخابات میں شیوسینا کو سخت ٹکر دینے کے بعد اب بی جے پی نے میئر کے عہدے کا الیکشن نہیں لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔مہاراشٹر کے وزیر اعلی دیویندر فڑنویس نے اس کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اب ممبئی کے میئر کا الیکشن  نہیں لڑے گی،ساتھ ہی پارٹی نے ڈپٹی میئر کا الیکشن بھی نہیں لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ ممبئی کی عوام کے مفادات کو دیکھتے ہوئے اور ان کے ریفرنڈم کا احترام کرنے کے لیے لیا گیا ہے۔بی جے پی ممبئی کے مفاد میں شیوسینا کا ساتھ دے گی۔ بی جے پی کے اس اعلان کے بعد اب ممبئی میں شیوسینا کا میئر بننا تقریبا طے ہوگیا ہے، وہیں شیوسینا نے وشیو ناتھ مہادیشور کو میئر کے عہدے کے لیے اور ہریشور ورلیکر کو ڈپٹی میئر کے عہدے کے لیے اپنا امیدوار اعلان کر دیا ہے۔شیوسینا کے سینئر لیڈر انل پرب نے یہ اطلاع دی ہے۔واضح رہے کہ جمعہ کو ہی فڑنویس کابینہ کے سینئر وزیر چند رکانت پاٹل نے بیان دیا تھا کہ وہ اس بات کو لے کر 200فیصد پراعتماد ہیں کہ بی ایم سی میں بی جے پی اور شیوسینا ایک ساتھ آئیں گی، پاٹل نے بی جے پی کے کور کمیٹی کے اہم اجلاس سے پہلے یہ بیان دیاتھا۔انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ریاست کی بی جے پی کی قیادت والی حکومت پر کوئی خطرہ نہیں ہے۔غورطلب ہے کہ 227رکنی ممبئی میونسپل کارپوریشن میں کسی بھی پارٹی کو اکثریت نہیں ملی ہے، اس انتخاب میں شیوسینا 84سیٹوں کے ساتھ سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری تھی، بی جے پی کو 82سیٹیں ملیں اور وہ معمولی فرق سے ہی شیوسینا سے پچھڑ گئی۔
 


Share: