نئی دہلی،22؍دسمبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) مرکز کی مودی حکومت دلتوں، قبائلیوں اور پسماندہ لوگوں کے مفادات کے حوالہ سے بڑی بڑی باتیں تو کرتی ہے لیکن سوال یہ ہے کہ آیا مودی حکومت کے 8 سال کے دوران ان طبقات کو ان کے حقوق فراہم کئے؟ کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے اس معاملے پر مودی حکومت کا محاصرہ کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی سے کئی اہم سوالات پوچھے ہیں۔
ملکارجن کھرگے نے ٹوئٹ کیا، ''نریندر مودی جی! پچھلے 8 سالوں میں آپ کی حکومت نے دلتوں، قبائلیوں اور پسماندہ طبقات کو مرکز میں ان کے مختص عہدوں پر جگہ کیوں نہیں دی؟ لاکھوں آسامیاں کیوں خالی پڑی ہیں؟ یہ 'سب کا ساتھ' نہیں، 'سب سے وشواس گھات (دھوکہ دہی) ہے۔‘‘
ملکارجن کھرگے نے گرافکس شیئر کیا ہے، جس میں قبائلیوں اور پسماندہ طبقات سے متعلق ان خالی آسامیوں کی تفصیلات ہیں، جنہیں مودی حکومت نے اپنے 8 سال کے دور اقتدار میں پُر نہیں کی ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق مرکزی حکومت کے محکموں میں گروپ اے میں دلت برادری کی 48.5 فیصد اسامیاں خالی پڑی ہیں۔ اس کے علاوہ گروپ بی میں 60 فیصد اسامیاں خالی پڑی ہیں اور گروپ سی میں 45.8 فیصد پوسٹیں خالی پڑی ہیں۔