ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مدھیہ پردیش میں پرینکا گاندھی سمیت کئی لیڈروں پر ایف آئی آر؛ چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بگھیل ناراض

مدھیہ پردیش میں پرینکا گاندھی سمیت کئی لیڈروں پر ایف آئی آر؛ چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بگھیل ناراض

Mon, 14 Aug 2023 21:46:06    S.O. News Service

بھوپال، 14/اگست (ایس او نیوز/ایجنسی) مدھیہ پردیش میں مبینہ طور پر ٹھیکیداروں کی تنظیم کے خط کے سہارے 50 فیصد کمیشن سے متعلق ٹوئٹ کرنے پر کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی سمیت دیگر لیڈروں پر معاملہ درج کیے جانے کے معاملے میں چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ایف آئی آر درج کیے جانے سے سچائی چھپ نہیں جائے گی۔

وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے یہ بیان نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے دیا اور کہا کہ بی جے پی کا مشن ہے 50 فیصد کمیشن۔ جب ٹھیکیدار خود لکھ رہے ہیں کہ 50 فیصد کمیشن لیا جا رہا ہے تو مزید کیا ثبوت چاہیے؟ ہماری لیڈر پرینکا گاندھی پر ایف آئی آر کرنے سے سچائی پوشیدہ ہونے والی نہیں۔

واضح رہے کہ کانگریس کی مدھیہ پردیش یونٹ کے سابق ریاستی صدر ارون یادو نے مائیکرو اینڈ میڈیم کیٹگری کانٹریکٹر ایسو سی ایشن کا ایک خط جاری کر حکومت کو گھیرا، اس خط میں 50 فیصد کمیشن دیئے جانے کی بات کہی گئی تھی۔

اس معاملے پر جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی و دیگر لیڈروں نے بھی ٹوئٹ کر اپنی رائے ظاہر کی۔ اس معاملے کے طول پکڑنے پر بی جے پی جارح ہوئی اور خط کو ہی فرضی قرار دیتے ہوئے 41 مقامات پر رپورٹ درج کرائی۔ ان میں پرینکا گاندھی، کمل ناتھ، ارون یادو اور جئے رام رمیش سمیت دیگر لیڈروں کو ملزم بنایا گیا ہے۔


Share: