ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / لوک سبھا کی رکنیت بحال ہونے کے بعد راہول گاندھی پہنچے پارلیمنٹ؛ منگل کو پارلیمنٹ میں تحریک عدم اعتماد پر کریں گے بات

لوک سبھا کی رکنیت بحال ہونے کے بعد راہول گاندھی پہنچے پارلیمنٹ؛ منگل کو پارلیمنٹ میں تحریک عدم اعتماد پر کریں گے بات

Mon, 07 Aug 2023 17:25:09    S.O. News Service

نئی دہلی 7/اگست (ایس او نیوز)  لوک سبھا کی رکنیت بحال ہونے کے بعد کانگریس لیڈر راہل گاندھی پیر کو پارلیمنٹ پہنچے۔ جیسے ہی راہل گاندھی اپنی کار سے پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں اترے تو وہاں موجود ان کی پارٹی اور کچھ دیگر اتحادی جماعتوں کے اراکین اسمبلی نے ان کا استقبال کیا اور ان کی حمایت میں نعرے لگائے۔ بتاتے چلیں کہ  راہل گاندھی کی لوک سبھا کی رکنیت تقریباً چار ماہ بعد بحال ہوئی ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے کے بعد راہل گاندھی نے پہلے مہاتما گاندھی کے مجسمے پرماتھا ٹیکا اور پھر لوک سبھا کی کارروائی میں حصہ لیا۔ لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری، راجیہ سبھا میں پارٹی کے ڈپٹی لیڈر پرمود تیواری، سماج وادی پارٹی کے رام گوپال یادو، شیو سینا کے سنجے راوت، انقلابی سوشلسٹ پارٹی (آر ایس پی) کے این کے پریم چندرن اور کئی دیگر اپوزیشن اراکین اسمبلی نے   پارلیمنٹ ہاؤس کے داخلی دروازے پر راہول گاندھی کا استقبال کیا۔

اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ نے 'راہل گاندھی سنگھرش کرو، ہم تمہارے ساتھ ہیں' اور 'راہل گاندھی زندہ باد' کے نعرے لگائے۔ ان کی رکنیت بحال ہونے کے بعد، راہول گاندھی نے اپنے ٹویٹر پروفائل پر جہاں 'Disqualified MP' لکھا تھا، اُس کو تبدیل کرکے  رکن پارلیمنٹ کیا۔  کانگریس لیڈر راہول گاندھی کی لوک سبھا کی رکنیت پیر کو اس وقت بحال کردی گئی جب سپریم کورٹ نے جمعہ کو کانگریس لیڈر راہول گاندھی کو 'مودی کنیت' پر ان کے ریمارکس کے سلسلے میں سزا پر روک لگا دی۔

لوک سبھا سکریٹریٹ نے اس سلسلے میں ایک نوٹیفکیشن جاری کیا۔ سیکرٹریٹ نے نوٹیفکیشن میں کہا کہ سپریم کورٹ کے 4 اگست کے فیصلے کے پیش نظر راہول گاندھی کی نااہلی سے متعلق 24 مارچ کے نوٹیفکیشن پر عمل درآمد اگلے عدالتی فیصلے تک روک دیا گیا ہے۔

 منگل کو پارلیمنٹ میں تحریک عدم اعتماد پر کریں گے بات:     ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق کانگریس لیڈر راہل گاندھی منگل کو لوک سبھا میں وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت کے خلاف آنے والی تحریک عدم اعتماد پر تقریر کرنے والے ہیں۔ امکان ہے کہ  وائناڈ کیرالہ سے تعلق رکھنے والے 53 سالہ قانون ساز راہول گاندھی کانگریس کی طرف سے بحث کا آغاز کریں گے۔


Share: