ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / غلام نبی آزاد نے کانگریس میں نمبر دو بننے کی سونیا گاندھی کی پیشکش ٹھکرا دی؟

غلام نبی آزاد نے کانگریس میں نمبر دو بننے کی سونیا گاندھی کی پیشکش ٹھکرا دی؟

Sat, 04 Jun 2022 11:19:34    S.O. News Service

نئی دہلی، 4؍جون(ایس او نیوز؍ ایجنسی)کانگریس کے سینئر لیڈر غلام نبی آزاد نے کانگریس میں نمبر ٹو پوزیشن پر کام کرنے کی پیشکش ٹھکرا دی ہے- خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق کانگریس صدر سونیا گاندھی نے آزاد کو فون کرکے یہ پیشکش کی تھی-

بتادیں کہ غلام نبی آزاد کانگریس میں غیر مطمئن لیڈروں کے گروپ G-23 کے لیڈر ہیں - آزاد کو پارٹی نے راجیہ سبھا انتخابات کیلئے نامزد نہیں کیا ہے-تاہم، سونیا گاندھی نے حال ہی میں 2024 کے انتخابات کی تیاری کیلئے بنائے گئے سیاسی امور کے گروپ میں غلام نبی آزاد کو جگہ دی ہے-آزاد کانگریس میں فیصلہ لینے والی سپریم باڈی سی ڈبلیو سی کے بھی ممبر ہیں -

اے این آئی کے مطابق بات چیت کے دوران سونیا گاندھی اور غلام نبی آزاد کے درمیان راجیہ سبھا انتخابات کو لے کر کوئی بات چیت نہیں ہوئی- لیکن سونیا نے آزاد سے پوچھا کہ کیا وہ کانگریس تنظیم میں نمبر دو کے کردار میں کام کرنا چاہیں گے؟اے این آئی کے مطابق آزاد نے سونیا گاندھی سے کہا کہ اس وقت پارٹی چلانے والے نوجوانوں اور ان جیسے پرانے لیڈروں کے درمیان جنرریشن گیپ ہے-

انہوں نے کہا کہ ہماری سوچ اور ان کی سوچ میں فرق ہے اور نوجوان رہنما پارٹی کے بزرگ رہنماؤں کے ساتھ کام نہیں کرنا چاہتے-تاہم، یہ واضح نہیں ہے کہ کانگریس میں نمبر دو پوزیشن پر غلام نبی آزاد کو کیا کردار دیا جاتا- کیا انہیں پارٹی میں نائب صدر یا ورکنگ صدر بنایا جاتا؟واضح رہے کہ پچھلے مہینوں میں جموں و کشمیر میں غلام نبی آزاد کے حامیوں کی ایک بڑی تعداد نے خود کو کانگریس سے الگ کر لیا ہے-

غلام نبی آزاد بھی اپنے تمام بیانات کے ذریعے اس بات کا اظہار کرتے رہے ہیں کہ پارٹی قیادت کے ساتھ ان کے تعلقات اب پہلے کی طرح خوشگوار نہیں رہے- غلام نبی آزاد کے حامی انہیں جموں و کشمیر میں کانگریس کے چہرے کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں -

ٹکٹوں کی تقسیم پر مایوسی:راجیہ سبھا انتخابات میں کانگریس نے آنند شرما کو بھی نامزد نہیں کیا ہے، جو غلام نبی آزاد کے قریبی سمجھے جاتے ہیں، اور گروپ کے لیڈر ہیں - کانگریس کے ترجمان پون کھیرا اور سینئر لیڈر نغمہ نے بھی راجیہ سبھا انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم پر ناراضگی ظاہر کی ہے-سنیل جاکھڑ کے ساتھ ساتھ ہاردک پٹیل اور کپل سبل جیسے لیڈروں کے اچانک اخراج سے کانگریس قیادت پہلے ہی سے پریشان ہے-

پانچ ریاستوں کے حالیہ انتخابات میں کانگریس کی کارکردگی انتہائی خراب رہی ہے- ایسے میں جموں و کشمیر میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر غلام نبی آزاد جیسے سینئر لیڈروں کاناراض بنے رہنا پارٹی کیلئے اچھی علامت نہیں ہے -


Share: