ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلبأ کو نوئیڈا میں واقع ”بارکلیز“ کے کارپوریٹ آفس کا دورہ کرایاگیا

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلبأ کو نوئیڈا میں واقع ”بارکلیز“ کے کارپوریٹ آفس کا دورہ کرایاگیا

Tue, 23 May 2017 21:23:31    S.O. News Service

علی گڑھ،23مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ملٹی نیشنل کارپوریشن بینک ”بارکلیز“ نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اور کاروباری دنیا کے درمیان رشتوں کو تقویت دینے کی غرض سے یونیورسٹی کے بی ٹیک، ایم بی اے، ایم ایس ڈبلو، ایم سی اے اور بی سی اے کے طلبأ کو نوئیڈا میں واقع بارکلیز کے کارپوریٹ آفس کا دورہ کرایا۔یہ دورہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ آفس (جنرل)کی درخواست پر کرایا گیا۔اس دوران طلبأ کو کاروباری دنیا کی تقریبات، موک انٹرویو، کاروبار کے آداب اور مختلف پہلوؤں سے متعلق ضروری معلومات فراہم کرائی گئیں۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ آفیسر (جنرل)مسٹر سعد حمید نے بتایا کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اور ”بارکلیز“ کے درمیان ان مضبوط رشتوں کے قیام کا مقصد کاروباری اور تعلیمی دنیا کے درمیان بہتر روابط پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے طلبأ کو جاب مارکیٹ کے مطالبات کو سمجھنے اور روزگار کے تئیں خود کو تیار کرنے میں مدد ملے گی۔ ”بارکلیز“ کے افسران نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے جب ”بارکلیز“ اور اے ایم یو جیسے نامور اداروں کے درمیان رشتوں کو اتنی تقویت حاصل ہوئی ہے اور وہ اے ایم یو کے طلبأ کی صلاحیتوں سے کافی متاثر ہوئے ہیں۔ ان سرگرمیوں کے چلتے جلد ہی اے ایم یو ٹی پی او (جنرل)، بارکلیز اور ناسکوم فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام مشترکہ طور پر طلبأ کے لئے وے بینار، گیسٹ لیکچر، سیمینار، لائیف سکل ٹریننگ اور پلیسمنٹ اسسٹنس جیسے مزید پروگراموں کا انعقاد عمل میں آئے گا۔
 


Share: