ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / عام آدمی پارٹی کو جھٹکا، منیش سیسودیا کی ضمانت کی عرضی خارج

عام آدمی پارٹی کو جھٹکا، منیش سیسودیا کی ضمانت کی عرضی خارج

Sun, 02 Apr 2023 11:31:39    S.O. News Service

نئی دہلی، 2/اپریل (ایس او نیوز/ایجنسی)  عام آدمی پارٹی کو جمعہ کو اس وقت پھر جھٹکا  لگا جب یہاں مقامی عدالت نے  پارٹی کے لیڈر اور دہلی کے سابق نائب وزیراعلیٰ کو یہ کہتے ہوئے ضمانت پر رہا کرنے سے انکار کردیا کہ آبکاری گھوٹالہ کی سازش رچنے والے اصل ملزم وہی ہیں۔ 

 سی بی آئی کے ذریعہ درج کردہ معاملے میں دہلی کی راؤز ایوینیو کورٹ نے جمعہ کے روز سیسودیا کی ضمانت عرضی خارج کر دی۔ جج ایم کے ناگپول نے۲۴؍ مارچ کو اس معاملے میں اپنا فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا۔ اب ضمانت کے لیے منیش سیسودیا کو ہائی کورٹ میں عرضی داخل کرنا ہوگا۔

 گزشتہ سماعت کے دوران سیسودیا کے وکیل نے کہا تھا کہ سی بی آئی کے ذریعہ کچھ بھی خاص نہیں کہا گیا ہے جس کے لیے حراست جاری رکھنے کی ضرورت ہوگی۔ وکیل نے کہا تھا کہ ریکارڈ پر ایسا کچھ بھی نہیں ہے جس سے پتہ چلے کہ سیسودیا گواہوں کو دھمکا رہے تھے۔ وکیل نے دلیل دی کہ سیسودیا نے سی بی آئی جانچ میں تعاون کیا ہے اور کسی بھی تلاشی میں ان کے خلاف کوئی قابل اعتراض مواد سامنے نہیں آیا ہے۔

 وکیل کی دلیل تھی کہ اس میں کوئی شبہ نہیں ہے کہ منیش سیسودیا کی سماج میں گہری پکڑ ہے۔ ہر بار جب انھیں سی بی آئی کے سامنے بلایا گیا تو وہ پیش ہوئے۔ گواہوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ یا گواہوں کو دھمکانے وغیرہ کا کوئی حقیقی ثبوت نہیں ہے۔ اس لئے  عدالت انہیں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم سنائے۔دوسری طرف سی بی آئی کی طرف سے پیش ہوئے  خصوصی وکیل استغاثہ ڈی پی سنگھ نے  دلیل دی کہ صرف موبائل فون ہی نہیں، فائلیں بھی تباہ ہو گئی ہیں۔  انہوں نے الزام لگایا کہ  ثبوتوں کو تباہ کرنا ایک مستقل  عمل تھا۔ سی بی آئی نے سیسودیا کی ضمانت عرضی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس سے ان کی جانچ متاثر ہوگی۔

 سی بی آئی کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے جمعہ کو اپنے فیصلے میں کورٹ نے کہا کہ سیسودیا کی رہائی سے ’’جانچ پر منفی اثر‘‘ پڑ سکتاہےاوراس کی پیش رفت بھی متاثر ہوسکتی ہے۔خصوصی جج ایم کے ناگپال نے کہا کہ فی الحال وہ ملزم کو رہا کرنے کے حق میں نہیں ہیں۔

  کورٹ نے ضمانت کی عرضی خارج کرتے ہوئے سیسودیا کے خلاف اپنے منفی ریمارکس میں کہا کہ ’’اوپر ہونےو الی گفتگو سے یہ بات ظاہر ہے کہ مجرمانہ سازش میں ملزم نے اہم اور کلیدی رول ادا کیا ہے۔وہ مذکورہ پالیسی بنانے اوراس کے نفاذ میں  گہرائی سے شامل تھے تاکہ اس کے ذریعہ طے شدہ  مقاصد کو حاصل کیا جاسکے۔‘‘خصوصی جج ایم کے ناگپال  نے کہا کہ ’’اس لئےاستغاثہ کے عائد کردہ الزامات اور ان کی تائید میں اب تک جو ثبوت اکٹھا کئے گئے ہیںان کی بنیاد پر کہا جاسکتا ہے کہ عرضی گزار  (منیش سیسودیا) ہی بادی النظر میں اس پوری مجرمانہ سازش کوتیار کرنے والا ہے۔‘‘

  سیسودیا نے گزشتہ منگل کواسی معاملے میں ای ڈی کے ذریعہ درج معاملے میں بھی  عدالت میں ضمانت کی  عرضی داخل کی  ہے۔اس پر بھی  عدالت نے مرکزی ایجنسی کو نوٹس جاری کیا ہے۔  سی بی آئی کیس میں ہائی کورٹ سے رجوع ہونے کے بعد اگر ضمانت مل جاتی ہے تب بھی سیسودیا کو رہائی کیلئے ای ڈی کے درج کردہ کیس میں ضمانت حاصل کرنی ہوگی۔ سیسودیا ۲۶؍ فروری کو گرفتار کئے گئے تھے۔ 


Share: