نئی دہلی23مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)صدر پرنب مکھرجی، نائب صدر حامد انصاری نے برطانیہ کے مانچسٹر میں ہوئے بم دھماکے کی سخت مذمت کی جس میں کم ازکم22لوگوں کی موت ہو گئی اورتقریباََ 59افرادزخمی ہوگئے۔صدر نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وہ مانچسٹر بم دھماکے کی خبر سن کر دنگ رہ گئے ہیں۔انہوں نے اس واقعہ کے مرنے والوں کے تئیں تعزیت ظاہر کی اور زخمیوں کے جلدصحت مندہونے کی دعاکی۔پرنب نے کہاکہ اس دکھ کی گھڑی میں بھارت برطانیہ کے لوگوں اور وہاں کی حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔نائب صدر ایم حامد انصاری نے مانچسٹر میں ہوئے دھماکے کو لے کر برطانیہ کے لوگوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کے احساس اور متاثرہ لوگوں کے لواحقین کے ساتھ ہے اور بھارت کے لوگ برطانیہ کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی سے کھڑے ہیں۔اپنے پیغام میں انصاری نے کہاکہ مجھے برطانیہ کے مانچسٹر میں ایک کنسرٹ میں ہوئے دھماکے میں معصوم شہریوں کے مارے جانے اور زخمی ہونے کی خبر سن کر انتہائی دکھ پہنچاہے۔انہوں نے کہا کہ میرے جذبات اس حادثے کے متاثرین کے ساتھ ہیں۔بحران کی اس گھڑی میں بھارت کے عوام برطانیہ کے لوگوں کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑاہے۔