نئی دہلی،2جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)این ڈی اے کے صدارتی امیدوار رام ناتھ کووند اور اپوزیشن کی صدارتی امیدوار میرا کمار 17جولائی کو ہونے والے انتخابات کے لئے تلنگانہ میں ممبران اسمبلی سے اپنی امیدواری کے لئے حمایت حاصل اس ہفتے حیدرآباد جائیں گے۔اپوزیشن پارٹیوں کی مشترکہ امیدوار میرا کمار کل حیدرآباد پہنچیں گی، جبکہ رام ناتھ کووند منگل کو حیدرآباد آئیں گے۔پارٹی کی طرف سے جاری میرا کمار کے شیڈول کے مطابق ایک روزہ دورے کے دوران وہ تلنگانہ کانگریس ہیڈکوارٹر گاندھی بھون میں کانگریس لیڈروں سے ملاقات کریں گی۔اس کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کریں گی۔سابق لوک سبھا اسپیکر اپنے والد آنجہانی جگ جیون رام کی مورتی پر چادر چڑھائیں گی اور ممبران پارلیمنٹ، ممبران اسمبلی، کونسلر، بائیں پارٹیوں کے لیڈروں، سینئر صحافیوں اور دانشوروں سے بات چیت کریں گی۔گزشتہ ماہ نامزدگی کے بعد میرا اور کونود آئینی عہدے کے لئے اپنی مہم کے طور پر مختلف ریاستوں کا دورہ کر رہے ہیں۔تلنگانہ بی جے پی ترجمان کرشن ساگر راؤ نے آج کہا کہ کووند چار جولائی کو حیدرآباد آئیں گے۔ایک روزہ دورے کے دوران ان کے حکمران ٹی آر ایس، اپوزیشن پارٹی بی جے پی اور تلنگانہ ٹی ڈی پی کے ممبران اسمبلی اور ممبران پارلیمنٹ سے ملاقات کرنے کا امکان ہے۔تیلگو دیشم پارٹی (ٹی ڈی پی)این ڈی اے کی اتحادی پارٹی ہے جبکہ ٹی آر ایس نے کووند کو اپنی حمایت دینے کا اعلان کیا ہے۔