سیول،6اگست(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)سلامتی کونسل نے متفقہ طور پر شمالی کوریا کے خلاف نئی اور سخت پابندیاں عائد کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس مرتبہ شمالی کوریا کے دوست سمجھے جانے والے چین اور روس نے بھی اس کا ساتھ نہیں دیا ہے۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے متفقہ طور پر شمالی کوریا کے خلاف نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ ان پابندیوں کے تحت شمالی کوریا کوئلے سمیت تقریبا ایک ارب ڈالر کی برآمدات نہیں کر سکے گا۔ شمالی کوریا کے لیے یہ ایک بہت بڑا مالی نقصان ہے کیوں کہ گزشتہ برس اس کی مجموعی برآمدات کی مالیت تین بلین ڈالر رہی تھی۔ گزشتہ برس کوئلے کی درآمدات سے شمالی کوریا نے ایک عشاریہ دو بلین ڈالر کمائے تھے۔
اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نِکی ہیلی کا اس حوالے سے کہنا تھا، ایک ہی مرتبہ شمالی کوریا کے خلاف عائد کی گئیں یہ سب سے بڑی اقتصادی پابندیاں ہیں۔ تاہم ان کا خبردار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ابھی بھی یہ پابندیاں ناکافی ہیں اور شمالی کوریا کے خلاف مزید سخت اقدامات اٹھائے جا سکتے ہیں۔