ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سابق رکن اسمبلی مختار انصاری کو عدالت نے سنائی دس سال جیل اور 5 لاکھ روپیہ جرمانہ کی سزا

سابق رکن اسمبلی مختار انصاری کو عدالت نے سنائی دس سال جیل اور 5 لاکھ روپیہ جرمانہ کی سزا

Thu, 15 Dec 2022 22:29:03    S.O. News Service

غازی پور15؍دسمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) زورآور لیڈر اور سابق رکن اسمبلی مختار انصاری کو اتر پردیش کی غازی پور عدالت نے آج قصوروار قرار دیتے ہوئےدس سال قید اور پانچ لاکھ جرمانہ کی سزا سنائی ہے۔

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق باندہ جیل میں بند مختار انصاری سے متعلق گینگسٹر معاملہ پر بحث گزشتہ روز مکمل ہو گئی تھی اور فیصلہ محفوظ رکھ لیا گیا تھا۔ آج ڈسٹرکٹ سیشن کورٹ نے نہ صرف مختار انصاری، بلکہ ان کے ساتھی بھیم سنگھ کو بھی قصوروار قرار دیا ہے۔ عدالت نے دونوں کو ہی اس معاملے میں دس سال قید کی سزا سنائی ہے۔ علاوہ ازیں مختار انصاری کو پانچ لاکھ جرمانہ کی بھی سزا سنائی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ 1996 میں درج گینگسٹر معاملے میں آج 26 سال بعد عدالت نے مختار انصاری کو قصوروار قرار دیا ہے۔ مجموعی طور پروہ  چار درجن سے زائد کریمنل معاملات کا سامنا کررہے تھے۔

12 دسمبر کو 11 گواہوں کی گواہی، جرح اور بحث پوری ہو چکی تھی۔ اس کے بعد فیصلہ سنانے کی تاریخ 15 دسمبر طے کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ 12 دسمبر کو اے ڈی جی سی (کریمنل) نیرج شریواستو نے بتایا تھا کہ مختار انصاری اور ان کے ساتھی بھیم سنگھ پر 1996 میں گینگسٹر کا ایک مقدمہ درج ہوا تھا، جو کافی وقت سے کورٹ میں زیر التوا تھا، جس پر گزشتہ ماہ 25 نومبر کو فیصلہ آنا تھا لیکن اچانک پریزائڈنگ افسر کی منتقلی ہو جانے سے اور نئے پریزائڈنگ افسر کے آنے کے بعد روزانہ سطح پر سماعت کی گئی تھی۔ بعد ازاں 12 دسمبر کو بحث پوری کر لی گئی تھی۔


Share: