ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / راجستھان: طالبہ کی بوتل میں پیشاب پر ہنگامہ، ملزم طالب علم کے خلاف کارروائی نہ ہونے سے لوگ ناراض

راجستھان: طالبہ کی بوتل میں پیشاب پر ہنگامہ، ملزم طالب علم کے خلاف کارروائی نہ ہونے سے لوگ ناراض

Tue, 01 Aug 2023 13:35:53    S.O. News Service

بھیلواڑا ، یکم اگست (ایس او نیوز/ایجنسی) راجستھان کے بھیلواڑا میں ہفتہ کے روز کسی طالب علم نے ایک طالبہ کے بیگ سے پانی کا بوتل نکال کر اس میں پیشاب بھر دیا، جس پر پیر کے روز زبردست ہنگامہ دیکھنے کو ملا۔ بتایا جاتا ہے کہ پانی کے بوتل میں طالب علم نے نہ صرف پیشاب بھر دیا، بلکہ اس نے ایک محبت پر مبنی خط بھی ڈال دیا۔ لنچ کے بعد طالبہ نے جب اپنی بوتل کھولی تو اس میں سے بدبو آنے پر اس معاملے کی جانکاری ہوئی۔ بعد ازاں طالبہ نے پرنسپل سے اس کی شکایت کر دی۔ لیکن جب کوئی کارروائی نہیں ہوئی تو پیر کی صبح مشتعل دیہی عوام (جو ایک خاص طبقہ سے تعلق رکھتے تھے) نے محلے میں گھس کر ہنگامہ شروع کر دیا۔

اس ہنگامہ کی خبر ملنے پر موقع پر پہنچی پولیس نے لاٹھی چارج کر کے لوگوں کو منتشر کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعہ کے سلسلے میں طالبہ یا اس کے اہل خانہ کی طرف سے کوئی شکایت نہیں ملی ہے۔ اگر شکایت ملتی ہے تو پولیس معاملے کی پوری جانچ کرے گی۔ لیکن جن لوگوں نے خاص طبقہ کے محلے میں گھس کر ہنگامہ کیا ہے، ان کی پہچان کر ان کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔

دوسری طرف طالبہ کے اہل خانہ نے بتایا کہ ہفتہ کے روز ہی اسکول کے پرنسپل کو شکایت دی گئی تھی۔ انھوں نے کوئی کارروائی نہیں کی تو پیر کی صبح انھیں دوبارہ شکایت دی گئی۔ اس سلسلے میں متعلقہ چوکی میں بھی شکایت دی گئی ہے۔ جب اسکول انتظامیہ اور پولیس کے ذریعہ اس معاملے میں کوئی کارروائی نہیں ہوئی تو ناراض لوگوں نے ملزم طالب علم کے محلے میں گھس کر احتجاج درج کیا۔


Share: