ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دبئی کے جبل علی فری زون میں 'پرائم ایکواکلچر' قائم کرے گا سب سے بڑا 'جھینگا فارم'

دبئی کے جبل علی فری زون میں 'پرائم ایکواکلچر' قائم کرے گا سب سے بڑا 'جھینگا فارم'

Tue, 22 Nov 2022 12:02:44    S.O. News Service

دبئی، 22 /؍نومبر (ایس او نیوز) جبل علی فری زون میں 'ایکواکلچر' کمپنی کی جانب سے آر اے ایس ٹیکنیک والا جھینگا پالن کا پہلا اور سب سے بڑا فارم قائم کیا جائے گا ۔ اس ضمن میں 'ایمیریٹس نیشنل ایکواکلچر کی ماتحت فرم 'پرائم ایکوا کلچر' اور جبل علی فری زون (جافزا) کے بیچ "شرِمپ آر اے ایس فارم" کے لئے معاہدہ طے ہوا ہے ۔ توقع ہے کہ یہ جھینگا فارم آئندہ سال کے ابتدائی سہ ماہی دور میں کام شروع کرے گا ۔
    
دبئی سے شائع انگریزی روزنامہ گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق اس منصوبہ کا مقصد یو اے ای کی غذائی پیداوار کی مقدار میں اضافہ کرنا ہے ۔ ڈی پی ورلڈ یو اے ای اور جافزا کے منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او عبداللہ بن ضامثان نے بتایا : " یو اے ای کی غذائی تجارت 100 بلین درہم سے زیادہ ہے ۔ اور فوڈ اینڈ بیورییج میں سرمایہ کاری 62 بلین درہم ہے ۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ یو اے ای کی معیشت میں ایف اینڈ بی ایک بہت ہی دلکش  سیکٹر ہے ۔"
    
آر اے ایس طریقہ کیا ہے : جھینگا پالن میں عام طور پر سیمی انٹینسیو کلچر سسٹم  اور کھلے تالاب (اوپن پونڈ) والا طریقہ رائج ہے ۔ آر اے ایس کا مطلب ریسرکیولیشن ایکواکلچر سسٹم ہوتا ہے جس میں پانی کو بار بار گھمایا جاتا ہے ۔ 
    
'پرائم ایکواکلچر' کی جانب سے  جبل علی میں جو فارم قائم کیا جا رہا ہے اس میں جھینگا فارم ، ہیچری اور سیکنڈری پروسیسنگ یونٹس شامل رہیں گے جہاں آر اے ایس ٹیکنالوجی کے ذریعہ سالانہ 1000میٹرک ٹن جھینگوں کی پیداوار ہوگی جو کہ یو اے ای میں جھینگوں کی موجودہ پیداوار سے تین گنا زیادہ ہے ۔ یو اے ای میں مقامی طور پر جھینگوں کی مانگ پوری کرنے کے لئے اس وقت سالانہ 51,000 میٹرک ٹن جھینگے درآمد کیے جاتے ہیں ۔ 
    
پرائم ایکواکلچر کے منیجنگ ڈائریکٹر امتیاز عبدالرزاق کالسیکر نے بتایا کہ :" ایمیریٹس نیشنل ایکواکلچر کے ساتھ پرائم ایکواکلچر کے اشتراک سے یو اے ای کی ایکواکلچر پیداوار میں 3,400 میٹرک ٹن سالانہ کا اضافہ ہوگا جو کہ 2021 میں 3,200 میٹرک ٹن تھا ۔ اس مقصد کو پانے کے لئے جافزا میں ہمارے جھینگا فارم کا قیام ایک اہم اور بہت بڑا اقدام ہے ۔"


Share: