ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / تمل ناڈو: پٹاخہ فیکٹری میں زوردار دھماکہ 3 خواتین سمیت8 لوگوں کی موت

تمل ناڈو: پٹاخہ فیکٹری میں زوردار دھماکہ 3 خواتین سمیت8 لوگوں کی موت

Sun, 30 Jul 2023 18:27:14    S.O. News Service

چننی، 30/جولائی(ایس او نیوز/ایجنسی) تمل ناڈو کے کرشنا گری ضلع میں ہفتہ کو پٹاخے کی ایک فیکٹری میں دھماکے سے3 خواتین سمیت 8 افراد کی مو ت ہوگئی جبکہ متعددافراد زخمی ہو گئے ہیں۔ پولیس کو ابھی تک دھماکے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔ ہفتہ کی صبح ہونے والا دھماکہ اتنا زور دار تھا کہ قریب میں واقع ایک ہوٹل کی عمارت بھی منہدم ہوگئی، جب کہ چار دیگر عمارتوں کو جزوی نقصان پہنچا، جس کی وجہ سے کئی لوگ پھنس گئے۔ پولیس نے بتایا کہ اب تک 12 شدید زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

واقعہ کے فوراً بعد فائر بریگیڈ اور ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے اور اندر پھنسے لوگوں کو نکالنے کیلئے کئی گھنٹوں تک کوششیں کرتے رہے۔ خبر لکھی جانے تک ریسکیو اہلکار ملبے میں دبے افراد کی کل تعداد کا پتہ نہیں لگا سکے ہیں۔

کرشنا گری کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سروج کمار ٹھاکر نے بتایا کہ دھماکہ پجھایاپٹئی علاقے میں روی نامی شخص کی پٹاخہ فیکٹری کے اندر ہوا۔ ٹھاکر نے کہا کہ کم از کم سات لوگوں کو مردہ قرار دیا گیا ہے اور کچھ دیگر زخمیوں کو علاج کیلئے قریبی سرکاری اسپتال لے جایا گیا ہے۔

ٹھاکر نے بعد میں کہا کہ اس حادثے میں ایک اور شخص کی موت ہوگئی ہے، جب کہ زخمیوں اور بچائے گئے لوگوں کو علاج کیلئے کرشنا گری گورنمنٹ میڈیکل کالج اسپتال بھیجا گیا ہے۔ وہیں ضلع کلکٹر نے کہا کہ دھماکے کے اثر سے ایک ہوٹل کی عمارت مکمل طور پر منہدم ہوگئی اور آس پاس کے تین سے چار مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔


Share: