پٹنہ، 12؍دسمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) بہار کے وزیر اعلیٰ اور جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے سینئر لیڈر نتیش کمار نے آج کہا کہ اگر اپوزیشن کی تمام پارٹیاں متحد ہو کر الیکشن لڑیں تو سال2024میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پورے ملک میں ہارے گی اور ہم تیسرے محاذ کے طور پر نہیں بلکہ مرکزی محاذ کے طور پر سامنے آئیں گے -اتوار کو یہاں گیان بھون میں جے ڈی یو کے قومی کنونشن میں لیڈروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر کمار نے تمام اپوزیشن پارٹیوں سے 2024کے انتخابات متحد ہو کر لڑنے کی اپیل کی اور کہا کہ اگر ہر اپوزیشن پارٹی ان کی بات مانتی ہے تو بی جے پی پورے ملک میں ہارے گی- ابھی تیسرے محاذ کی بات ہو رہی ہے لیکن ہم مرکزی محاذ کے طور پر سامنے آئیں گے - انہوں نے کہا کہ تمام اپوزیشن جماعتیں متحد ہو کر الیکشن لڑیں تو2024میں ہمیں بھاری اکثریت ملے گی- اس حوالے سے تمام جماعتوں سے بات چیت بھی جاری ہے -وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ اگر اپوزیشن پارٹی میری تجویز پر عمل کرتی ہے تو بی جے پی ضرور ہارے گی، لیکن اگر وہ نہیں مانتی تو میرا اس میں کوئی نقصان نہیں - انہوں نے کہا کہ وہ اپنی سطح سے اس کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے -