بیلتنگڈی، 28 / اگست (ایس او نیوز) سوجنیا عصمت دری اور قتل معاملے کے خلاف بیلتنگڈی کے انپّا سوامی پہاڑی کے قریب نلین کمار کٹیل کی قیادت میں بی جے پی کی طرف سے منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقتولہ سوجینا کی ماں نے رکن پارلیمان نلین کمار سے مطالبہ کیا کہ اپنی بیٹی کے انصاف طلب کرنے کے لئے اسے وزیر اعظم نریندرا مودی کے ساتھ ملاقات کا موقع دلایا جائے ۔
ہزاروں کی تعداد میں مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سوجنیا کی ماں کوسوماوتی نے اپنی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ " گزشتہ 11 برسوں کے دوران رکن پارلیمان نلین کمار کٹیل نے میری بیٹی کو انصاف دلانے کے لئے ایک مرتبہ بھی اپنی زبان نہیں کھولی تھی ۔ اب جا کر انہوں نے آوز اٹھائی ہے ۔ ایم ایل اے ہریش پونجا نے ہمارے گھر پہنچ ہم سے ملاقات کی اور ہمیں احتجاج میں شامل رہنے کے لئے کہا ۔ میں ان پر بھروسہ کرتی ہوں ۔ یہاں پر موجود لیڈروں سے میں درخواست کرتی ہوں کہ میری بیٹی کو انصاف دلانے کے لئے میری مدد کریں ۔ وزیر اعظم نریندرا مودی سے ملاقات کرنے میں میری مدد کریں ۔ "
کوسوماوتی نے براہ راست الزام لگاتے ہوئے کہا :" دھیرج کیلّا، ملّیک جین ، اودئے جین اور ویریندرا ہیگڈے کا بھتیجہ نشچل جین نے میری بیٹی کی عصمت دری کی ہے ۔"