بھٹکل 24 دسمبر (ایس او نیوز) نو سالہ معصوم بچہ کنویں میں گرکر جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت گنیش منجوناتھ نائک کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ واردات جمعرات شام کو مرڈیشور پولس تھانہ حدود کے ایک دیہات بیلور میں پیش آئی، جبکہ جمعہ کو لڑکے کا پوسٹ مارٹم کرکے میت لواحقین کے حوالے کی گئی۔
مرڈیشور پولس نے بتایا کہ معصوم بچہ گنیش اپنے گھروالوں کے ساتھ بیلور میں منعقدہ ایک شادی کی تقریب میں شریک ہوا تھا، جمعرات شام کو دیگر بچوں کے ساتھ گھر کے باہر کھیل رہا تھا کہ اچانک لاپتہ ہوگیا۔ شام کے اندھیرے میں اسے ٹارچ کی مدد سے ہر جگہ تلاش کیا گیا ، اور کافی کوششوں کے بعد ایک کھلے کنویں میں اس کی نعش پائی گئی۔
پولس کے مطابق کنواں جھاڑیوں سے بھرا ہوا تھا اور زیادہ گہرا بھی نہیں تھا، لڑکا اوندھے منہ کنویں کے اندر گرا تھا ، یعنی لڑکے کا سر نیچے کنویں کے پانی کے اندر تھا اور اُس کا پیر اوپر تھا، جبکہ کنویں کے اوپر جھاڑیوں میں صرف اس کی دو پیروں کی چپلیں نظر آرہی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ کنویں کے اطراف سے کافی لوگ لڑکے کو تلاش کرتے ہوئےگذرے تھے، لوگوں نے چپل بھی دیکھی تھی، مگر کسی کو معلوم نہیں ہوا کہ وہ چپل لڑکے نے پہن رکھی ہے اور لڑکے کا نچلا دھڑ کنویں کے اندر ہے۔
جب لڑکے کو باہرنکالا گیا تو اس کی جان جاچکی تھی۔
بھٹکل سرکاری اسپتال میں پوسٹ مارٹم کے بعد نعش لواحقین کے حوالے کی گئی۔
مرڈیشور پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔