بھٹکل 14/اگست (ایس او نیوز) : تعلقہ کے مرڈیشور سمندر میں غرق ہوکر ایک سیاح لاپتہ ہوگیا جس کی شناخت منی کانتا (22) کی حیثیت سے کی گئی ہے، جبکہ دوسرا نوجوان کسی طرح بچ کر کنارے تک پہنچنے میں کامیاب ہوگیا، جس کی شناخت 22 سالہ پرشورام کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ پتہ چلا ہے کہ پرشورام کو مرڈیشور کے نجی اسپتال میں ابتدائی طبی امداد کے بعد منی پال اسپتال شفٹ کیا گیا ہے
پولس ذرائع نے بتایا کہ واردات اتوار شام قریب سات بجے پیش آئی جب لائف گارڈ کے اہلکار اپنی ڈیوٹی ختم کرکے شام 6:30 بجے اپنے گھر لوٹ چکے تھے۔ ذرائع کے مطابق کولار سے جملہ 22 لوگوں پر مشتمل ایک گروپ اتوار کو مرڈؑیشور کی سیر کو پہنچا تھا، چونکہ مرڈیشور سمندر میں کسی کواُترنے کی اجازت نہیں ہے اور جون کے آخر سے ہی سمندر میں اُترنے پر پابندی عائدکی گئی ہے۔ مگر دور دراز کے لوگ سمندرکی خوبصورت لہروں کو دیکھ کربے قابو ہوجاتے ہیں اور دل کو لبھانے والی سمندری موجوں سے کھیلنے کی کوشش کرتے ہیں، ایسے میں یہاں پولس بھی لوگوں کو سمندر میں اُترنے سے روکنے کی ہرممکن کوشش کرتی ہے۔ پولس نے بتایا کہ کولار سے آئی ہوئی ٹیم کے دو لوگ کچھ فاصلے پر پہنچ کر پولس کی نظروں سے بچتے ہوئے سمندر میں اُترے تھے جس میں سے ایک غرق ہوکر لاپتہ ہوگیا ہے، جبکہ دوسرا بچ نکلنے میں کامیاب ہوگیا۔
پولس ذرائع نے بتایا کہ منی پال اسپتال میں ایڈمٹ نوجوان کی حالت اب خطرہ سے باہر ہے۔
مرڈیشورسرکل پولس انسپکٹرمہابلیشور نائک نے بتایا کہ سمندر میں لاپتہ نوجوان کی تلاش جاری ہے۔ اور اس تعلق سے مرڈؑیشور پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔
Bhatkal: One Tourist Missing, Another Rescued in Murdeshwar Beach; Search Operation Underway