بھٹکل ،2 / اپریل (ایس او نیوز) ریاستی حق معلومات اور سماجی خدمتگاروں کی تنظیم کے تعلقہ جنرل سیکریٹری ناگیش نائک نے بی جے پی کے مقامی ایم ایل اے سنیل نائک پر کروڑوں روپے سرکاری فنڈ کا غلط استعمال کرنے کے الزامات لگاتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ایم ایل اے کے خلاف کریمنل کیس درج کیا جانا چاہیے ۔
کاروار میں ناگیش نائک نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "سنیل نائک نے بھٹکل تعلقہ کے جالی گرم میں واقع 'یدوویر' نامی اپنے ذاتی فارم ہاوس کی ترقی کے لئے سڑک اور سمندری کنارے پر رکاوٹی دیوار تعمیر کرنے کے لئے 1.91 کروڑ روپے سرکاری فنڈ کا غلط استعمال کیا ہے ۔ 160میٹرلمبے راستے کو 516.90 میٹر راستہ دکھا کر سرکاری فنڈ خرچ کیا گیا ہے ۔"
ناگیش نے مزید بتایا کہ "2020-21 میں بندر اور اندرونی بحری نقل و حمل محکمہ کے ذریعے بیلکے گرام کے جو 1.51 کروڑ روپے سرکاری فنڈ منظور ہوا تھا وہ رقم سنیل نائک نے اپنے ذاتی فارم ہاوس کے پاس رکاوٹی دیوار کی تعمیر کے لئے استعمال کی ہے ۔"
پریس کانفرنس میں ویدیکے کے بھٹکل یونٹ کے صدر ناگنیدرا ایس نائک اور معاون سیکریٹری وسنت دیواڈیگا ہیبلے بھی موجود تھے ۔