بھٹکل 15 ڈسمبر (ایس او نیوز) موڈ بھٹکل بائی پاس کے قریب بائک اور لاری کے درمیان ہوئی ٹکر میں بائک پر سوار دو لوگوں کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی جن کی شناخت تلاند (سبپتّی) کے رہنے والے شیکھر سبرامنیم نائک (25) اور لوکیش منجوناتھ نائک (30) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
بائک پر سوار دونوں نوجوان شہر کے ایک ہوٹل میں ملازمت کرتے تھے اور موڈ بھٹکل کھانے سے فارغ ہوکر شمس الدین سرکل کی طرف ہوٹل میں ہی آرام کرنے جارہے تھے، جبکہ مچھلیوں سے بھری لاری ہوناور سے مینگلور جارہی تھی،جائے وقوع کا جائزہ لینے پر ایسا لگتا ہے کہ موڈ بھٹکل بائی پاس کے قریب غالباً بائک کو ٹکر مارنے کے بعد اُسی پر لاری الٹ گئی ہوگی اور پلٹا کھاتے ہوئے کچھ فاصلے پر جاگری۔ حادثہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب قریب ساڑھے بارہ بجے پیش آیا۔
حادثے کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ بائک پوری طرح کچل گئی ہے جس کے نتیجے میں دونوں نوجوان موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
دونوں نعشیں بھٹکل سرکاری اسپتال کے مردہ خانے میں رکھی گئی ہے۔