ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل : انتخابی ضابطہ اخلاق لاگو ہونے کے بعد 376 دنوں سے جاری موگیر سماج کے احتجاج کو ختم کرنے کا حکم - موگیر سماج نے کیا انکار

بھٹکل : انتخابی ضابطہ اخلاق لاگو ہونے کے بعد 376 دنوں سے جاری موگیر سماج کے احتجاج کو ختم کرنے کا حکم - موگیر سماج نے کیا انکار

Tue, 04 Apr 2023 15:20:46    S.O. News Service

بھٹکل 4 / اپریل (ایس او نیوز) موگیر سماج کے لئے پسماندہ ذات کا سرٹفکیٹ از سر نو جاری کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے گزشتہ 376 دنوں سے تعلقہ ایڈمنسٹریٹیو آفس کے احاطے میں احتجاجی مظاہرے پر بیٹھے ہوئے موگیر لیڈروں کو اسسٹنٹ کمشنر نے زبانی طور پر حکم دیا کہ اس وقت انتخابی ضابطہ اخلاق لاگو ہوگیا ہے اس لئے دھرنا ختم کیا جائے ۔ مگر مظاہرین نے یہ حکم ماننے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ جب تک سرکار کی طرف سے  ان کے  سماج کو انصاف نہیں ملتا اور پسماندہ ذات سرٹفکیٹ جاری کرنے کا فیصلہ نہیں ہوتا وہ اسی طرح احتجاجی دھرنا اور ستیہ گرہ جاری رکھیں گے ۔

    موگیر سماج کے لیڈروں نے اسسٹنٹ کمشنر کو صاف طور پر بتایا کہ ایک سال سے زائد عرصہ سے جو ستیہ گرہ اور دھرنا جاری ہے اسے اس موڑ پر روکنا کسی بھی طرح ممکن نہیں ہے ۔ اگر افسران اس مقام پر دھرنے پر بیٹھنے سے منع کریں گے تو پھر ہم سڑک کنارے یہ دھرنا جاری رکھیں گے۔ چند دن پہلے ڈپٹی کمشنر نے اپنے دورہ موقع پر کہا تھا کہ دھرنا جاری رکھنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے ۔ ہم لوگ پوری طرح شانتی کے ساتھ ستیہ گرہ چلا رہے ہیں ۔ ہم سے کسی کو بھی کوئی تکلیف نہیں ہوگی ۔ کسی بھی قیمت پر ہم دھرنا واپس لینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔ 

    اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے تعلقہ موگیر سماج کے صدر انّپّا موگیر نے کہا کہ ہم لوگ موگیر سماج کے لئے پسماندہ ذات سرٹفکیٹ جاری کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے گزشتہ 376 دنوں سے مسلسل ستیہ گرہ کے ذریعہ جد وجہد کر رہے ہیں ۔ اب افسران  ہم سے احتجاج واپس لینے کو کہہ رہے ہیں ۔ گزشتہ ایک سال سے چل رہے اس احتجاج کو یوں اچانک روکا نہیں جا سکتا ۔ ہم نے افسران کے سامنے اپنا موقف رکھتے ہوئے دھرنا ختم کرنے سے انکار کیا ہے ۔

    اس موقع پر موجود موگیر سماج کے نوجوانوں نے کہا کہ اتنے دنوں سے احتجاج جاری رہنے کے باوجود ابھی تک ہمارے سماج کو انصاف نہیں ملا ہے۔  دھرنے کے مقام پر افسران ، عوامی منتخب نمائندے اور وزراء بس آتے جاتے رہے ۔ نتیجہ صفر رہا ہے ۔ اب ہم پر دباو بنا کر احتجاج ختم کرنے کی  جو کوشش کی جا رہی ہے وہ درست نہیں ہے ۔ ہمیں انصاف ملنے تک ہم لوگ کسی نالے کے کنارے بیٹھ کر ستیہ گرہ جاری رکھیں گے ۔ کسی بھی حالت میں ہماری جدوجہد روکنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔ 


Share: