بھٹکل، 22 ؍ دسمبر (ایس او نیوز) بھٹکل تعلقہ میں قرض داروں کی فلاح و بہبود کے لئے قائم 'سالگاررا سنگھا' کی جانب سے آنجہانی پونیت راج کمار کی یاد میں کونار میں بسنے والی ایک مجبور اور بے کس خاتون منجولا شیٹی اور اس کی دو بیٹیوں کی رہائش کے لئے بطور عطیہ ایک نیا گھر تعمیر کیا گیا ۔
اس سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق ایم ایل اے جے ڈی نائک نے مختلف عطیہ دہندگان کے تعاون سے 'سالگاررا سنگھا' کی جانب سے کیے گئے اس اقدام کی ستائش کی اور کہا کہ انسانیت کی بھلائی کے لئے کیا گیا کام ہمیشہ یاد رکھا جاتا ہے ۔ مہمان خصوصی کے طور پر موجود ساگر چیتنیا ٹرسٹ کے صدر کے ایس پرشانت نے بھی پونیت راجکمار کے نام پر گھر تعمیر کے لئے سنگھا کی سراہنا کی ۔
اربن بینک کے نائب صدر ایم آر نائک ، سالگاررا سنگھا کے نائب صدر ایم ڈی نائک ، کونار گرام پنچایت رکن گووند نائک وغیرہ نے بھی اپنے تاثرات کا اظہار کیا ۔
اس موقع پر ٹی ایم سی بھٹکل کے رکن پاسکل گومز، سالگاررا سنگھا کے سیکریٹری سریش پجاری، سنجیو اچاری، آصف، وینکٹیش نائک ، ستیش اچاری وغیرہ اسٹیج پر موجود تھے ۔
