بھٹکل ، 8/ اگست (ایس او نیوز ) بھٹکل سے بینگلور جانے والی سرکاری بس کو اچانک آگ لگ جانے سے کچھ دیر کے لئے مسافروں میں سراسیمگی پھیل گئی، لیکن ڈرائیور اور کنڈیکٹر کی حاضر دماغی اور بروقت کاروائی سے مسافر محفوظ رہ گئے۔ حادثہ بدھ کو بھٹکل کے پڑوسی علاقہ ساگر میں پیش آیا۔
بس جیسے ہی ساگر روڈ سے شموگہ ہوتے ہوئے بینگلور کے لئے رواں دواں تھی تو اچانک ساگر میں ہی بس سے آگ کے شعلے بلند ہونے لگے، ڈرائیور نے خطرے کو بھانپتے ہوئے فوری بس کو سڑک کنارے روک دیا اور مسافروں کو اُترنے کے لئے کہا، بس پر موجود 12 مسافر نیچے اُترگئے، جس کے بعد آگ نے پوری بس کو اپنی لپیٹ میں لینا شروع کردیا۔
اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کا عملہ جائے وقوع پر پہنچا اور بس کو پوری طرح جلنے سے روکنے میں کامیاب ہوگیا۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔